اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ عوام مسلم لیگ (ن)کے ساتھ ہیں ٗ منتخب جمہوری حکومت کو گھر بھیجنے کی سازش کامیاب نہیں ہوسکتی ہے ٗ کابینہ کے اراکین، پوری پارٹی نے وزیر اعظم کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ٗ جے آئی ٹی رپورٹ چیلنج کرینگے ۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہیں اور منتخب جمہوری حکومت کو گھر بھیجنے کی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی۔ احسن اقبال نے کہا کہ کابینہ کے اراکین، پوری پارٹی اور پاکستان کے عوام وزیراعظم محمد نوازشریف
اور ان کی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹیوں نے وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کر دیا ہے اور یہ فیصلہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ میں جے آئی ٹی کی رپورٹ کو چیلنج کیا جائے گا‘ جس عوام نے پاکستان مسلم لیگ (ن) اور وزیراعظم محمد نوازشریف کو مینڈیٹ دیا وہ جانتے ہیں کہ حکومت عوام کی بہتری کیلئے کام کر رہی ہے اور اس نے متعدد منصوبے دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے 4 سال کے دوران ان کے خلاف کوئی بدعنوانی کا سکینڈل سامنے نہیں آیا۔