اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کے دوران ایسی بات کہہ دی کہ جس کو سن کر مسکرانے پر مجبور ہو گئے، مولانا فضل الرحمان نے پاناما کیس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں عدالت سے انصاف کی توقع ہے تحریک انصاف کی نہیں۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ اور جمہوریت کے خلاف کچھ قوتیں متحرک ہیں وہ نہیں چاہتیں کہ پاکستان میں ترقی ہو، انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت
سیاسی عدم استحکام کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی فوج کی ضمانت بڑی حوصلہ افزا بات ہے، لہٰذا فوج اور قوم کو ایک پیج پر رہنا چاہیے، کیونکہ فوج کبھی اکیلے نہیں لڑا کرتی اس کے پیچھے قوم ہوتی ہے۔ انہوں نے ایک سوال کہ سپریم کورٹ اگر نوازشریف کے خلاف فیصلہ دیتی ہے توآپ کا کیا موقف ہوگا؟ پر دلچسپ جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں عدالت سے انصاف کی توقع ہے تحریک انصاف کی نہیں۔