راولپنڈی (آئی این پی )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترک چیف آف جنرل سٹاف ہولو سی آکار نے ملاقات کی،ملاقات میں علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترک چیف آف جنرل سٹاف ہولو سی آکار نے ملاقات کی۔ملاقات میں ترک جنرل نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا اور دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے آپریشن ردالفساد کی تعریف کی۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان اور ترک افواج کے درمیان عسکری تعاون خرید بڑھانے کی ضرورت ہے،دونوں ملکوں میں تعاون سے علاقائی سلامتی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو پہنچنے پر ترک جنرل ہولو سی آکار کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ترک جنرل نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ترک جنرل ہولوسی آکار نے پاک فوج کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا