لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاک، افغان بارڈر کی بندش سے پاکستانیوں کیلئے ایک اور خوشی کی خبر۔ تفصیلات کے مطابق پاک، افغان بارڈر بند ہوتے ہی تمام غیر ملکیوں کرنسیوں بالخصوص ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر بڑھ گئی۔ گزشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 108 روپے سے کم ہو کر یکدم 107 پر پہنچ گئی۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے صدر اور صوبائی وزیر
تجارت شیخ علاؤالدین نےاس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈالر کی قدر میں کمی کی وجہ یہ ہے کہ پاکستان سے سمگل ہوکر بڑی تعداد میں ڈالر افغانستان جاتا تھا جہاں افغانی تاجر پوری دنیا سے تجارت میں اس ڈالر کو استعمال کرتے تھے۔ اگر پاکستانی حکومت اقدامات کرے اور اس کی مزید سمگلنگ کو روکے تو ڈالر کی قیمت 100 روپے تک لائی جا سکتی ہے۔ واضح رہے کہ پاک ، افغان سرحد کی بندش سے پاکستان میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں بھی واضح کمی دیکھی گئی ہے۔ پاکستان سے بڑی تعداد و مقدار میں اشیائے خوردو نوش مہنگے داموں افغانستان سمگل کی جاتی تھیں۔