اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے پاکستان کو دہشت گردی سمیت تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کی پیشکش کی ہے ، روسی صدر پیوٹن نے وزیر اعظم محمد نواز شریف کو ٹیلی فون کرکے سانحہ سیہون شریف کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سے انسداد دہشتگردی کیلئے مزید تعاون بڑھائیں گے۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے وزیر اعظم محمد نواز شریف کو ٹیلی فون
کرکے سانحہ سیہون شریف کی مذمت کی،متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ لعل شہباز قلندر کے مزار پر حملے کا کوئی جواز نہیں ہے،امید ہے اس بربریت کے پیچھے جو لوگ ہیں انہیں سزا ملے گی’پاکستان سے انسداد دہشتگردی کیلئے مزید تعاون بڑھائیں گے۔واضح رہے صوبہ سندھ کے شہر سیہون شریف میں حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار پر خودکش دھماکے میں88افرادشہید اور 3سو سے زائد زخمی ہوئے تھے۔دریں اثناء روسی صدر ولاد میر پیوٹن نے درگاہ لعل شہباز قلندر میں خودکش حملے پر صدر ممنون حسین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف تعاون بڑھانے کی پیش کش کا پھر اعادہ کیا ہے۔کریملن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر پیوٹن نے اپنے پاکستانی ہم منصب کے نام پیغام میں کہا کہ وہ سندھ میں دہشت گرد حملے کے افسوسناک نتائج پر پاکستان سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔ اس موقع پر روسی صدر نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ روس انسداد دہشت گردی کے لئے دوطرفہ اور وسیع عالمی کوششوں کے دائرہ کارکے اندر رہتے ہوئے پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کیلیے تیار ہے۔