اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)دہشت گردی کے خلاف پاکستانی عوام کےساتھ کھڑے ہیں، بم دھماکے کی مذمت کرتے ہیں۔ امریکہ اور چین نے پاکستان کو تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ نے لاہور میں خود کش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی گھڑی میں امریکہ پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑاہے۔دہشت گردی کے خاتمے تک اطمینان سے نہیں بیٹھیں گے، امریکی محکمہ خارجہ مارک ٹونرنے
کہا کہ مشکل کی گھڑی میں ا مریکہ پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑاہے۔ پاکستان کے ساتھ مل کر دہشتگردی کے خاتمے کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے۔ دہشتگردی کے خاتمے تک اطمینان سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے دہشتگردی سے متاثرہ افراد سے ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔ پاکستان میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے بی لاہور دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔جبکہ چین نے لاہور میں ہونے والے حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پاکستان کو دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کی جانے والی کاوشوں میں مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کینگ شوانگ ے منگل کو معمول کی پریس بریفنگ میں لاہور میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ پر چینی حکومت کی جانب سے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ہمدردیاں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ دوسری جانب اسلام آباد میں چینی سفارتخانے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ لاہور میں ہونے والے خود کش دھماکہ کی مذمت کرتے ہیں۔