اٹک ،راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے اٹک کے قریب بہادر رینجرز کا دورہ کیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے اٹک کے قریب بہادر رینجرز کا دورہ کیا اور پاک اردن مشترکہ فوجی مشقو ں فجرالشرق کا معائنہ کیا اور مشقوں میں حصہ لینے والے دستوں کی پیشہ وارانہ معیار کو سراہا۔
اس موقع پر انکا کہنا تھا کہ مشقوں سے دوطرفہ پیشہ وارانہ مہارت میں اضافہ ہو گا ۔ موجودہ دور میں جنگ کی نوعیت بدل چکی ہے اور براہ راست جنگ نہیں کی جارہی ۔ پاکستان نے کامیابی سے دہشت گردی کو شکست دی ہے اور اس قسم کی تربیتی مشقیں مدد گار ہیں۔’’دہشت گردی کے خلاف جنگ کی کامیابی کو مستحکم کیا جا رہا ہے‘‘۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انسداد دہشت گردی کی مشقیں دو ہفتے تک جاری رہیں گی ۔انہوں نے فوجی دستہ بھیجنے پر اردن کا شکریہ بھی ادا کیا۔