لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ معاملات چلانے کی باتیں قبل از وقت ہیں ، آصف علی زرداری واپس آئے ہیں پہلے دیکھتے ہیں کہ وہ کیا فیصلے کرتے ہیں ، ایک چیف کا کام پاک فوج کی کارکردگی کو بڑھانا جبکہ ایک چیف کا کام انصاف دینا ہے اور ہمیں امید ہے کہ وہ انصاف دیں گے ، کچھ لوگوں نے مخصوص ٹوئٹ سے یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ نئے آنے والوں سے ’’ انہیں ‘‘ بہت بڑا فائدہ ہو گا لیکن ادارے پاکستان کے ہیں اور وہ آئین کے تحت کام کرتے ہیں ، 2017انتخابات کا سال ہے، دھاندلی ،کرپشن اور پانامہ زدہ قیادت کو عبرت ناک شکست ہو گی ،تحریک انصاف کی کرپشن ، لوٹ مار اور حکومتی بیڈ گورننس کے خلاف تحریک کے نتیجہ میں حکمران فرار کا راستہ اختیار کر رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پی ٹی آئی چیئرمین سکرٹریٹ میں تحریک انصاف لاہور رورل کی تنظیم سازی کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر تحریک انصاف سینٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان ، مرکزی رہنما اعجاز چودھری ، ظہیر عباس کھوکھر اور نذیر چوہان نے بھی خطاب کیا۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ آصف علی زرداری مرضی سے بیرون ملک گئے اور اپنی مرضی سے لوٹ آئے۔ آصف علی زرداری کی اپنی جماعت ہے انہیں سیاست کا حق ہے ۔پیپلز پارٹی کے ساتھ معاملات چلانے کی باتیں قبل از وقت ہیں ، آصف علی زرداری واپس آئے ہیں پہلے دیکھتے ہیں کہ وہ کیا فیصلے کرتے ہیں لیکن اگر جو تحریک انصاف کے مقصد کی حمایت کرے گا اس کے ساتھ مل بیٹھنے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہتحریک انصاف الیکشن موڈ میں آ گئی ہے۔ پارٹی کی مرکزی قیادت نے الیکشن کے لئے رہنماؤں کو ذمہ داریاں دینا شروع کر دی ہیں۔ جنوری میں پانامہ کیس کی سماعت دوبارہ شروع ہو رہی ہے امید ہے جلد فیصلہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں کچھ رہنماؤں نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی ہے اس ضمن میں جہاں خلاف ورزی ہوئی تنظیموں سے چوبیس گھنٹے میں رپورٹ مانگی ہے۔ جہانگیر خان ترین نے کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ تبدیلی کی بات کرنے والے ن لیگ کو ووٹ ڈالیں۔ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہو گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں جیت تحریک انصاف کی ہو گی ۔ مسلم لیگ ن پنجاب کے 60 فیصد وسائل لاہور شہر میں جھونک کر بھی لاہور سے آئندہ عام انتخابات میں شکست سے دو چار ہو گی۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات ، کرپشن کمیشن کے بانی اور پانامہ زدہ قیادت اور کرپشن کو روکنے والوں کے درمیان مقابلہ ہو گا اور جیت کرپشن کرنے والوں کی نہیں بلکہ کرپشن سے نفرت کرنے والوں کی ہوگی۔ اس موقع پر مشاورت سے مختلف انتخابی حلقوں کے عہدیداروں اور ایڈوائزری کونسل کے ممبران کا اعلان کیا گیا جن میں خواتین رہنماؤں فضہ ذیشان ، عائشہ اقبال ، ثانیہ کامران ، انیلہ ساجد بیگ ،فرحت رسال ، ڈاکٹر جویرئیہ ،نجمہ عاعارف، کوثر ٹوانہ ،سعدیہ سہیل اورشہنیلا روتھ کے علاوہ سینئیر نائب صدر خالد محمود ،چوہدری یوسف ، ملک مقصود مورا ،نذیر چوہان ، جاوید انور اعوان ،رفیق نمبردار ، کاشف اسماعیل ، ملک اصغر اعوان ، جوائنٹ سیکرٹری محمد جاوید بھٹی ، یعقوب برقی ، سرور بھٹی ، رانا جاوید عمر، سیکرٹری اطلاعات شبیر سیال ، ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات حماد اعوان، سیکرٹری فنانس عبدالکریم کلواڑ، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس عمران گُل، سیکرٹری قانون عمیر انور ایڈووکیٹ، سیکرٹری پبلک ویلفئیر ناصر ڈوگر، سیکرٹری یوتھ شبیر احمد ، سیکرٹری ڈاکٹرز ڈاکٹر امجد، سیکرٹری انجئیر زخواجہ عاصم ، سیکرٹری ٹیچر ماسٹر ارشد، سیکرٹری ٹریڈرز رانا شکیل ، سیکرٹری لیبر بابا رضوان، سیکرٹری کسان چوہدری یعقوب، سیکرٹری سپورٹس عمر بھٹی، سیکرٹر ی ویلفئیر میاں اختر حسین ،سیکرٹری کلچر شاہد رسال، سیکرٹری پبلیسٹی ذیشان علی ماجد، مینارٹی سیکرٹری سلیم گل، سیکرٹری طلبات عمران شاہ ،سیاسی تربیت ایوب نبی گجر، کو آرڈی نیٹر برائے مینارٹیز انجم یعقوب میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے۔