کراچی(نیوزڈیسک)وطن واپسی کے ساتھ ہی رینجرز نے آصف علی زرداری کو سرپرائز دیدیا،بڑی گرفتاریاں،تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری کی وطن واپسی کے دن ہی کراچی میں ان کے قریبی ساتھی اور عزیز کے گرد سیکیورٹی اداروں نے گھیرا تنگ کردیا۔ انشورنس کمپنیوں کے دفاتر پر چھاپے کے دوران چار افراد جبکہ اویس مظفر کے فرنٹ مین کے گھر چھاپے میں ایک شخص کو حراست میں لے لیا۔ سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے کو چئیرمین آصف علی زرداری کی وطن واپسی پر کراچی میں سیکورٹی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آگئے۔ سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی دوست انور مجید کی انشورنس کمپنی کے دفاتر پر چھاپے مار کر چار افراد کو حراست میں لے لیا۔ رینجرز پہلے آئی آئی چندریگر روڈ پہنچی اور دفتر کی تلاشی لی۔ دفتر سے اہم دستاویزات کو قبضے میں لیا جبکہ دو افراد کو حراست میں لے لیا۔ اس کے بعد ہاکی اسٹیڈیم میں دفتر پر چھاپہ مارا اور دستاویزات کو قبضے میں لے کر مزید دو افراد کو حراست میں لے لیا۔ بعد میں پیٹروپول پر واقع دفتر میں چھاپہ مارا تاہم کسی کو حراست میں نہ لیا۔ ادھر قانون نافذ کرنے والے ادارے نے سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی عزیز اویس مظفر کے فرنٹ مین کے گھر چھاپہ مارا۔ کلفٹن میں چھاپے کے دوران ایک شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔