اسلام آباد(آئی این پی)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی لانگ مارچ کی چیمئین ہے ، سولو فلائٹ لے کر عمران خان نے بڑی غلطی کی ہے ، وہ 2نومبر کو ناکام ہو جائیں گے کیونکہ سیاست میں کبھی سولو فلائٹ کامیاب نہیں ہوتی، عمران خان نے حکومت کو اپنے ہاتھ سے چابی دی ہے ، اب حکومت کو ایکشن لینے کا قانونی جواز مل گیا، خفیہ اجلاس کی باتیں لیک کروانا درست نہیں ، فوج کو کمزور کروا کر کس کو خوش کیا جا رہا ہے ۔وہ جمعرات کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان 2نومبر کو ناکام ہو جائیں گے ،سولو فلائٹ لے کر انہوں نے بڑی غلطی کی ہے کیونکہ سیاست میں سولو فلائٹ کبھی کامیاب نہیں ہوتی ۔ خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت کو عمران خان کے خلاف ایکشن لینے کا اخلاقی جواز مل گیا، اس نے حکومت کو اپنے ہاتھ سے چابی دی ہے ، پی ٹی آئی کے چیئرمین اور وزیراعظم انتہائی غیر سنجیدہ لوگ ہیں اور دونوں ناتجربہ کار ہیں جس کا نقصان عوام کو ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو مضبوط بنانے میں نوازشریف کا ہاتھ ہے ، خفیہ اجلاس کی باتیں لیک کروانا درست نہیں ہے ،اجلاس کی باتیں باہر لانے میں حکومت ملوث ہے ، کم از کم اس سب کے پیچھے فوج کا ہاتھ نہیں ہو سکتا اور جن لوگوں نے خبر دی ان کے خلاف کاروائی ہونی چاہیے۔خورشید شاہ نے کہا کہ ہماری ریلی ناراض لوگوں کو راضی کرنے میں کامیاب رہی اگر مطالبات نہیں مانے گئے تو پارلیمنٹ میں احتجاج کریں گے اور ہمارے مطالبات میں پانامہ ایشو نمبر ایک پر ہے ، ہم لانگ مارچ کے چیمپئن ہیں وقت آیا تو دیکھ لیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو بند کرنا عمران خان کا کریمنل ایکٹ ہے ، حکومت پاک چین اقتصادی راہداری کو متنازع بنا رہی ہے ، اس منصوبے میں شفافیت کا مسئلہ ہے اصل معاہدوں پر عمل کیا جائے ، کسان احتجاج کے طور پر پارلیمنٹ کے باہر مکئی اور چاول جلا رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ بلاول نے نہیں کہا کہ نوازشریف غدار ہے ۔