اسلام آباد(آئی این پی )پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیرداخلہ سینیٹر رحمن ملک نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا جنگی جنون خطہ کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے، مودی پاگل و ذہنی بیمار ہے ایسے شخص کو ملک کا سربراہ نہیں ہونا چاہیے،ہمیں ایسے لوگوں کو لگام ڈالنا آتی ہے بلا وجہ جارحیت کو ہوا دیتے ہیں۔عمران خان کے کھیل میں جب تک گیارہ کھلاڑی نہیں ہونگے نتیجہ سامنے نہیں آئے گا،دھرنے کیلئے ضروری نہیں کہ پی پی ساتھ دے۔جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم خطہ کی امن وسلامتی کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں ان کے ذہن پر جنگی جنون سوا ہے،ہمیں ہر لحاظ سے دشمن کے مقاصد کیلئے تیار رہا چاہیے اگر مودی کی طرف سے جنگ پاکستان پر مسلط کی گئی تو بھرپور جواب ملے گا،عوام مسلح افواج کے ساتھ پر محاذ پر کھڑے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ مودی پاگل و ذہنی طور پر بیمار شخص ہیں اس حوالے سے میں کئی مرتبہ بھارتی لوگ سبھا کے ممبران کو کہ چکا ہوں کہ اس شخص کا ذہنی چیک اپ کرایا جائے ،ایسے شخص کو ملک کا سربراہ نہیں ہونا چاہیے جس کے ذہن میں جنون انتہا پسندی اور دہشتگردی سوار ہو۔ایک سوال کے جواب میں انہو ں نے عمران خان کو احتجاج کے حوالے سے کہا کہ ان کے کھیل میں جب تک گیارہ کھلاڑی پورے نہیں ہوں گے تو کھیل کا نتیجہ کیسے آئے گا،عمران خان کو کھیل کیلئے گیارہ کھلاڑی پورے کرکے کھیل شروع کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ضروری نہیں کہ پاکستان پیپلزپارٹی ان کے احتجاج میں شرکت کرے۔