اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم محمد نوازشریف نے کنٹرول لائن پر بھارت فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے بلا اشتعال فائرنگ کرکے کھلی جارحیت کی، ہماری خود مختاری کو چیلنج کیا گیا تو دشمن ہم سے اچھے کی امید نہ رکھے، ملکی خود مختاری کے خلاف کسی بھی کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا ، ہماری افواج وطن کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں ۔اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ کنٹرول لائن پر بھارتی افواج کی جارحیت قابل مذمت ہے اور شہید ہونیوالے پاک افواج کے جوانوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔انہوں نے شہید ہونیوالے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔وزیراعظم نے کہاکہ پاک افواج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اور وہ ملکی سلامتی پر کبھی آنچ نہیں آنے دینگی انہوں نے کہاکہ بھارت ہماری پرامن ہمسائیگی کی پالیسی کا غلط مطلب نہ لیا جائے ، پرامن ہمسائیگی کے وژن کو ہماری کمزور نہ سمجھا جائے۔انہوں نے کہاکہ اگر ہماری خود مختاری کو چیلنج کیا گیا تو دشمن ہم سے اچھے کی امید نہ رکھے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت کی کھلی جارحیت سے لائن آف کنٹرول پر ہمارے دو فوجی جوان شہید ہوئے ۔انہوں نے کہاکہ ہم پاک فوج کے جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ملکی خود مختاری کے خلاف کسی بھی کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا ۔نوجوان بھارت کے کسی بھی جارحانہ اقدام کیلئے پوری طرح تیار رہیں۔