اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے انٹر پول کی مدد سے علیحدگی پسند براہمداغ بگٹی کو ملک واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ براہمداغ بگٹی کو واپس لانے کے لیے ’انٹرپول‘ سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ براہمداغ بگٹی کو واپس لانے کے لیے باضابطہ کوشش کی جائے گی، حکومت بھی اپنا ہوم ورک کر رہی ہے اور آئندہ چند دنوں میں باقاعدہ انٹرپول کو (وفاقی تحقیقات ادارے) ایف آئی اے کے ذریعے خط لکھ رہے ہیں اور باقاعدہ ریفرنس بھیج رہے ہیں کہ اُن کو پاکستان واپس لانے کے اقدامات کیے جائیں۔۔انہوں نے کہاکہ براہمداغ بگٹی پاکستان کااشتہاری ہے اوربراہمداغ بگٹی کی قسمت کافیصلہ پاکستان کا آئین اورعدالتیں کریں گی اوربھارت کوہم اپنے داخلی معاملے میں مداخلت کی اجازت نہیں دے سکتے ۔واضح رہے کہ باغی بلوچ رہنمابراہمداغ بگٹی نے بھارت میں سیاسی پناہ کی درخواست دے رکھی ہے ۔