اسلام آباد(این این آئی)مقبوضہ کشمیرمیں ہلچل نے کام کردکھایا،مسئلہ کشمیرپر سب سے بڑا بریک تھرو،بھارت نے پاکستان کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیر کے ساتھ دہشتگردی اور دیگر مسائل پر بھی بات ہونی چاہیے۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں تعینات انڈین ہائی کمشنر گوتم بمباولے نے پاکستانی دفتر خارجہ میں بھارتی سیکرٹری خارجہ ایس جے شنکر کا خط قائم مقام پاکستانی سیکرٹری خارجہ وحید الحسن کو دیا۔یہ خط پاکستانی سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری کی جانب سے ایس جے شنکر کے نام لکھے جانیوالے خط کا جواب ہے جس میں انہوں نے کشمیر کے مسئلے پر بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی تھی۔ذرائع کے مطابق بھارت نے کشمیر کے معاملے پر مذاکرات پر آمادگی کا اظہا رکیا ہے تاہم خط میں لکھا ہے کہ دیگر معاملات پر بھی بات چیت ہونی چاہیے بھارتی وزارت خارجہ کے ذرائع نے برطانوی میڈیا کو بتایا کہ انڈیا مذاکرات کیلئے اپنے سیکریٹری خارجہ ایس جے شنکر کو پاکستان بھیجنے کا خواہاں ہے تاہم کشمیر کے علاوہ سرحد پار سے ہونے والی دہشتگردی سے نمٹنے پر بھی بات ہونی چاہیے۔ذرائع کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ بھارت کی جانب سے جواب موصول ہونے کے بعد اب اپنا رد عمل تیار کررہا ہے جس میں مختلف معاملات پر پاکستان کے تاریخی موقف اور کشمیر کی موجودہ صورتحال کو بھی مدنظر رکھا جائیگا۔