کراچی(نیوز ڈیسک)نیب حکام نے پاکستان پیپلزپارٹی رہنماؤں کے گرد شکنجہ مزید سخت کردیا، اہم شخصیت کے قریبی رشتے دار میر منور تالپور کو بیان ریکارڈ کرانے کیلئے طلب کرلیا گیا جبکہ دو سابق وزراء کے بیانات قلمبند کرلیے گئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق نیب کے نشانے پررہنماؤں کے خلاف شکنجہ مزید کس دیا گیا ڈاکٹر عاصم حسین اورشرجیل میمن کے بعداب اہم شخصیت کے قریبی رشتے دار میر منور تالپور کے خلاف تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ان کے خلاف مختلف الزامات کے تحت چئیرمین نیب نے جنوری میں تحقیقات کی منظوری دی تھی۔ نیب ذرائع کے مطابق میر منور تالپور کے خلاف کرپشن اور ناجائز اثاثوں کی تحقیقات ابتدائی مراحل میں ہیں۔ انہیں پانچ مارچ تک الزامات کے حوالے سے سوالات کے جواب دینے کے لئے طلب کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ میر منور تالپور سے تحقیقات کیلئے قومی احتساب بیورو نے چاررکنی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ دو سابق وزراء علی مراد شاہ اور ضیاء النجار کے بیانات قلمبند کرلیے گئے ہیں ۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق میر منور تالپور پر ناجائز اثاثے بنانے اور علی مراد پر سرکاری فنڈز میں خوردبرد کا الزام ہے جبکہ اسی نوعیت کی کرپشن کے الزامات کا سامنا بھی ہے۔