اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے تمام اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ارکان کوکل صبح 7 بجے پارلیمنٹ ہاﺅس پہنچنے کی ہدایت کر دی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے تمام اراکین پارلیمنٹ کو ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی صدر شی چن پنگ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے تمام اراکین پارلیمنٹ صبح 7 بجے پارلیمنٹ ہاﺅس پہنچ جائیں ،ساڑھے 7 بجے پارلیمنٹ ہاﺅس کے دروازوں کو بند کر دیا جائیگا جبکہ 8 بجے اراکین کو پارلیمنٹ کے اندر ہی ناشتہ دیا جائیگا ۔ہدایت نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ اراکین کیلئے لاجز سے پارلیمنٹ تک خصوصی شٹل سروس چلائی جائے گی جبکہ پارلیمنٹ کے مخصوص سٹاف کو اسمبلی ہال میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی اور غیر ضروری سٹاف کو چھٹی دی جائے گی ۔ہدایت نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کے افسران اور ملازمین کو گھروں سے خصوصی شٹل کے ذریعے لایا جائیگا۔