جمعہ‬‮ ، 22 ‬‮نومبر‬‮ 2024 

بھوک اور خوف کا لباس

datetime 3  اگست‬‮  2016
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

جاوید چودھری
ہم ان کے پاس بیٹھ گئے‘ وہ میٹھی نظروں سے ہماری طرف دیکھنے لگے‘ میں اپنے دوستوں کا ترجمان تھا‘ میرے دوست مختلف شعبوں سے تعلق رکھتے تھے‘ یہ بزنس مین بھی تھے‘ تاجر بھی‘ سیاستدان بھی‘ کھلاڑی بھی اور لکھاری بھی۔ ان سب کے ذہنوں میں سینکڑوں ہزاروں سوال ابھرتے‘ اٹھتے اور مچلتے تھے‘ یہ ان سوالوں کو بآواز بلند دہراتے بھی تھے لیکن یہ لوگ جب ان کے سامنے پہنچتے تھے تو ان کے سارے لفظ گونگے ہو جاتے تھے اور یہ پریشانی کے عالم میں میری طرف دیکھنے لگنے تھے چنانچہ مجھے ان کے جذبات اور خیالات کو لفظ دینا پڑتے تھے۔ اس بار بھی یہی ہوا‘ ہم دو دن تک معاشی تنگدستی‘ خوف اور بد اطمینانی پر گفتگو کرتے رہے‘ہم ایک دوسرے سے پوچھتے تھے ہمیں اللہ تعالیٰ نے رزق کی فراوانی سے نواز رکھا ہے‘ ہم میں کروڑ پتی لوگ بھی شامل ہیں‘ ہم سب کے پاس اپنے گھر‘ گاڑیاں اور بینک بیلنس بھی ہیں‘ ہم لوگ تجارت کرتے ہیں تو سینکڑوں کی چیز ہزاروں بلکہ لاکھوں روپے میں فروخت کرتے ہیں لیکن دولت کی فراوانی کے باوجود ہمیں دولت مندی کا احساس نہیں ہوتا‘ ہم ہفتے میں چار پانچ دن بڑے بڑے ریستورانوں میں کھانا کھاتے ہیں‘ ہم فرنچ‘ اٹالین‘ جاپانی‘ چینی اور عربی کھانے کھاتے ہیں لیکن ہمیں ان کھانوں کا ذائقہ محسوس نہیں ہوتا‘ ہم پہلے نوالے کے بعد اس کا ذائقہ بھول جاتے ہیں‘ ہم نے بڑی مدت سے سیر ہو کر کھانا نہیں کھایا‘ ہم نے کوئی ایسی ڈش نہیں چکھی جس کا ہم ذکر کر سکیں‘ ہم لوگ بڑے بڑے آباد اور خوبصورت شہروں میں بھی رہتے ہیں‘ ہمارے سیکٹر اور محلے بھی ’’سیکور‘‘ اور محفوظ ہیں لیکن اس کے باوجود ہمیں اطمینان سے بھر پور نیند نہیں آتی‘ ہم ساری ساری رات کروٹیں بدلتے رہتے ہیں۔۔ کیوں؟ ہم دو دن تک مسلسل بحث کرتے رہے لیکن ہمیں اس کا کوئی سر پیر نہیں ملالہٰذا ہم نے سوچا ہم اپنے مسئلے ان کے سامنے رکھیں گے اور ان سے جواب پوچھیں گے‘ ہم ان کے سامنے پہنچ گئے لیکن میرے دوست خاموش ہو کر بیٹھ گئے چنانچہ مجبوراً مجھے پہل کرنا پڑی‘ میں نے سوال پوچھا اور خاموشی سے انہیں دیکھنے لگا۔

وہ چند لمحے خاموش رہے اور پھرانہوں نے فرمایا ’’مسلمان کی حیثیت سے ہمارا ایمان ہے قرآن مجید اللہ تعالیٰ کی آخری کتاب ہے اور دنیا کی ہر چیز‘ ہر بات اور ہر حقیقت جھٹلائی جا سکتی ہے لیکن قرآن مجید کے کسی نقطے‘ کسی حرف اور کسی لفظ پر شک نہیں کیا جا سکتا‘‘ انہوں نے میری طرف دیکھا‘ میں نے فوراً تصدیق میں سر ہلایا اور عرض کیا ’’آپ درست فرما رہے ہیں ‘قرآن مجید اللہ تعالیٰ کا ایک ایسا ڈاکومنٹ ہے جس میں انسان کا ماضی‘ حال اور مستقبل درج ہے اور اگر ہم صرف قرآن مجید کا مطالعہ کر لیں تو ہمیں اس میں نہ صرف اپنے مسائل کی بنیاد نظرآ جائے گی بلکہ ہمیں اپنے مسائل کا آسان اور سیدھا حل بھی مل جائے گا‘‘ وہ مسکرائے اور نرم آواز میں بولے ’’آپ اگر پاکستان کے موجودہ حالات کی وجہ معلوم کرنا چاہتے ہیں تو پھر سورۃ النحل کی آیت نمبرایک سو بارہ کا مطالعہ کریں‘ آپ کو یوں محسوس ہو گاجیسے یہ آیت اللہ تعالیٰ نے پاکستان کیلئے اتاری تھی‘‘ میں بات آگے بڑھانے سے قبل آپ کو اس آیت کا ترجمہ سناتا ہوں‘ آیت کا ترجمہ کچھ یوں ہے ’’اور اللہ ایک ایسی بستی کی مثال دیتا ہے جس میں امن بھی تھا اور اطمینان بھی اور بستی کے لوگوں کو ہر طرف سے فراوانی سے رزق ملتا تھا لیکن پھر ان لوگوں نے اللہ کی نعمتوں کی نا شکری کی اور اللہ نے جواب میں انہیں بھوک اور خوف کا لباس پہنا دیا‘‘ وہ رکے‘ انہوں نے طویل سانس لیا اور سنجیدگی سے بولے ’’اس آیت کا پس منظر‘ پیش منظر اور حتمی وضاحت تو کوئی عالم دین ہی کر سکتا ہے لیکن ہم اگر اپنے حالات کا جائزہ لیں تو ہمیں محسوس ہو گا پاکستان اور اس آیت میں بیان کی گئی بستی میں بہت مماثلت ہے۔ یہ ملک اللہ کی ایک بہت بڑی نعمت تھا چنانچہ اس میں امن بھی تھا‘ اطمینان بھی تھا اورا س ملک کے لوگوں کو فراوانی سے رزق بھی دستیاب تھا‘ ہمارا پنجاب تقسیم سے قبل پورے ہندوستان کو گندم فراہم کرتا تھا‘ قیام پاکستان کے بعد بھی پنجاب مشرقی اور مغربی پاکستان کے دونوں حصوں کیلئے اناج اگاتا تھا لیکن پھر ہم نے اللہ کی نا فرمانی کی‘ ہم نا شکری کے مرتکب ہوئے اور اللہ تعالیٰ نے بطور سزا ہمیں بھوک اور خوف کا لباس پہنا دیا لہٰذا آج ہماری بھوک کا یہ عالم ہے کہ ہمارے دیہات میں بھی گندم نہیں ملتی‘ ہمارے کسان بھی شہروں

سے سبزیاں خرید کر گاؤں لاتے ہیں اور پورے ملک میں آٹے کیلئے قطاریں لگ جاتی ہیں جبکہ شادی بیاہ اور افطار پارٹیوں میں کروڑ اور ارب پتی لوگ بھی بھوکوں کی طرح کھانے پر ٹوٹ پڑتے ہیں‘‘ وہ رکے‘ انہوں نے لمبا سانس بھرا اور بولے ’’ہماری بھوک صرف روٹی تک محدود نہیں بلکہ ہم میں سے ہر شخص دولت‘ عہدے‘ سٹیٹس‘ بڑی گاڑی‘ بڑے مکان‘ بڑے بینک بیلنس‘ بڑے دفتراور لمبے اقتدار کی بھوک میں بھی مبتلا ہو چکا ہے اور ہم اپنی یہ بھوک مٹانے کیلئے کسی بھی سطح تک جا سکتے ہیں لہٰذا آپ اگر غور کریں تو آپ کو محسوس ہوگا ہم نے سر سے پاؤں تک بھوک کا لباس پہن رکھا ہے‘‘ وہ رک کر چند لمحے میری طرف دیکھتے رہے اور پھر بولے ’’ یہی صورتحال خوف کی ہے۔ ہم آج سے تیس‘ چالیس برس قبل بے خوف ہوا کرتے تھے‘ گلیوں میں‘ چھتوں پر سوتے تھے اور کالی سیاہ راتوں میں اکیلے پیدل سفر کرتے تھے اور ہمارے دل میں کسی قسم کا کوئی خوف نہیں ہوتا تھا لیکن ہم آج اس قدر خوف کا شکار ہیں کہ ہمارا بچہ سکول سے دس منٹ لیٹ ہو جاتا ہے تو ہم بے ہوش ہو جاتے ہیں‘ ہم پانی کی کمی کے خوف کا شکار ہیں‘ ہم بجلی اور پٹرول کے خوف کا شکار ہیں‘ بم دھماکوں اور خود کش حملوں کے خوف کا شکار ہیں‘ ہم روپے کی قدر میں کمی کے خوف کا شکار ہیں‘ ہم امریکی میزائلوں کے خوف کا شکار ہیں‘ ہم طالبان کے خوف کا شکارہیں‘ ہم کاروبار کے مندے‘ بینکوں کے دیوالیہ پن اور سٹاک ایکس چینج کے گرتے بڑھتے انڈیکس کے خوف کا شکار ہیں‘ ہمارے خوف کا یہ عالم ہے کہ ہم گھروں کو دس دس تالے لگاتے ہیں لیکن ہمیں پھر بھی نیند نہیں آتی چنانچہ آپ غور کیجئے آپ کو بھی محسوس ہو گا ہم سب نے خوف کا لباس پہن رکھا ہے‘‘۔
وہ رکے‘ میری طرف دیکھا اور دوبارہ گویا ہوئے ’’ہمارے ملک میں امن کی یہ صورتحال ہے کہ تمام دکانوں اور گھروں کے سامنے مسلح گارڈز کھڑے ہیں‘ پورے ملک کی فوج‘ پولیس اور سیکورٹی ایجنسیاں اعلیٰ عہدیداروں کی حفاظت کیلئے وقف ہیں لیکن وزیراعظم اور صدر اپنے ایوانوں سے باہر نہیں نکل سکتے۔

اطمینان کی یہ حالت ہے کہ اس ملک میں دنیا میں سب سے زیادہ خود کشیاں ہوتی ہیں اور ارب پتی لوگ بھی گولیاں کھائے بغیر سو نہیں سکتے چنانچہ یوں محسوس ہوتا ہے ہم سب اللہ کے عذاب کا شکار ہیں‘‘ وہ خاموش ہوئے تو میں نے پوچھا ’’حضرت ہمیں بھوک اور خوف کے اس لباس سے نجات کون دلا سکتا ہے‘‘ وہ فوراً بولے ’’اجتماعی توبہ اور ہماری حکمران کلاس کا اخلاص لیکن بدقسمتی سے یہ دونوں طبقے خواب غفلت کا شکار ہیں‘ عوام اپنی بداعمالیوں میں مصروف ہیں جبکہ حکمران کلاس زبانی کلامی دعوؤں سے مسائل کو ٹالنے کی کوشش کر رہی ہے‘ امریکہ نے ہمارے اوپر ایک ان ڈکلیئر جنگ مسلط کر رکھی ہے‘ امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس بار بار اعلان کر رہے ہیں امریکہ اپنے دفاع کیلئے کچھ بھی کر سکتا ہے اور پاکستان کو دہشت گردی پر اپنی پالیسی بدلنا ہو گی‘ امریکہ کے جاسوس طیارے کھلے عام پاکستانی علاقوں پر پرواز کرتے ہیں لیکن ہمارے حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی اور یوں محسوس ہوتا ہے حکومت کو صورتحال کی سنگینی کا علم نہیں‘‘ میں نے عرض کیا ’’کیا خرابی صرف یہیں تک محدود ہے‘‘ وہ بولے ’’نہیں ‘بات صرف یہیں تک محدود نہیں بلکہ ہمارے پیار اور استعمال کی ترتیب بھی خراب ہے‘‘ میں نے پوچھا ’’ وہ کیسے‘‘ وہ بولے ’’پیار اور استعمال کی ترتیب کے بارے میں ابہام پایا جاتا ہے‘ کچھ مورخین کا خیال ہے یہ الفاظ حضرت علیؓ کے ہیں جبکہ بعض حضرات اسے حدیث بھی قرار دیتے ہیں‘ یہ الفاظ کس کے ہیں‘ یہ میں محققین اور آپ کی صوابدید پر چھوڑتا ہوں تاہم کسی نے آپ سے پوچھا ’’دنیا کی ترتیب کب بگڑتی ہے‘‘ آپ نے فرمایا ’’انسان پیار کیلئے ہوتے ہیں اور چیزیں استعمال کیلئے لیکن جب لوگ انسانوں کو استعمال کرنا شروع کر دیتے ہیں اور چیزوں سے پیار کرنے لگتے ہیں تو دنیا کی ترتیب میں بگاڑ آ جاتا ہے۔ ہم مانیں یا نہ مانیں لیکن ہماری ترتیب بھی بگڑ چکی ہے ہم نے بھی انسانوں کو استعمال کرنا اور چیزوں سے پیار کرنا شروع کر دیا ہے‘ حکمران عوام کے جذبات کو اپنے اقتدار کیلئے استعمال کر رہے ہیں اور کرسیوں اور عہدوں سے محبت کررہے ہیں اور جب اتنی بڑی اور بنیادی چیزوں کی ترتیب بگڑ جائے‘ استعمال کی جگہ محبت لے لے

اور محبت کی جگہ استعمال آ جائے تو ملک اور قوم کی ترتیب کیسے درست رہ سکتی ہے چنانچہ ہم مسائل میں پھنستے چلے جا رہے ہیں‘‘۔ میں نے عرض کیا جناب میں واپس آپ کو اپنے مسئلے کی طرف لے جانا چاہتا ہوں۔ میں نے پوچھا ’’میں اپنے اکثر ساتھیوں کو مالی تنگی اور خوف کا شکار دیکھتا ہوں‘ میں اپنے ارد گرد بے سکونی اور بد اطمینانی بھی پاتا ہوں‘‘ وہ بولے ’’میں نے آپ کو قرآن اور حدیث کی روشنی میں اس کی وجوہات بتا دی ہیں چنانچہ جب تک آپ لوگ یہ وجوہات دور نہیں کرتے‘ آپ شکر نہیں کرتے‘ آپ توبہ نہیں کرتے اور آپ اپنی ترتیب درست نہیں کرتے ‘آپ کے مسائل اس وقت تک حل نہیں ہوں گے‘‘۔

موضوعات:



کالم



ہم سموگ سے کیسے بچ سکتے ہیں (حصہ دوم)


آب اب تیسری مثال بھی ملاحظہ کیجیے‘ چین نے 1980ء…

ہم سموگ سے کیسے بچ سکتے ہیں؟

سوئٹزر لینڈ دنیا کے سات صاف ستھرے ملکوں میں شمار…

بس وکٹ نہیں چھوڑنی

ویسٹ انڈیز کے سر گارفیلڈ سوبرز کرکٹ کی چار سو…

23 سال

قائداعظم محمد علی جناح 1930ء میں ہندوستانی مسلمانوں…

پاکستان کب ٹھیک ہو گا؟

’’پاکستان کب ٹھیک ہوگا‘‘ اس کے چہرے پر تشویش…

ٹھیک ہو جائے گا

اسلام آباد کے بلیو ایریا میں درجنوں اونچی عمارتیں…

دوبئی کا دوسرا پیغام

جولائی 2024ء میں بنگلہ دیش میں طالب علموں کی تحریک…

دوبئی کاپاکستان کے نام پیغام

شیخ محمد بن راشد المختوم نے جب دوبئی ڈویلپ کرنا…

آرٹ آف لیونگ

’’ہمارے دادا ہمیں سیب کے باغ میں لے جاتے تھے‘…

عمران خان ہماری جان

’’آپ ہمارے خان کے خلاف کیوں ہیں؟‘‘ وہ مسکرا…

عزت کو ترستا ہوا معاشرہ

اسلام آباد میں کرسٹیز کیفے کے نام سے ڈونٹس شاپ…