ہفتہ‬‮ ، 28 دسمبر‬‮ 2024 

پاکستان ترکی نہیں جناب

datetime 21  جولائی  2016
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

طیب اردگان نے 2010ءمیں فوج کا احتساب شروع کر دیا‘ ترک تاریخ کا بدترین مارشل لاء1980ءمیں لگا تھا‘ یہ مارشل لاءجرنیلوں کے ایک گروپ نے سلیمان ڈیمرل کی حکومت کے خلاف لگایا تھا‘ فوج نے ملک بھر سے 5 لاکھ سرکاری اہلکاروں‘ سیاستدانوں اور تاجروں کو گرفتار کر لیااور انہیں خوفناک تشدد کا نشانہ بھی بنایا اور ان میں سے بے شمار لوگوں کو جعلی عدالتوں میں جعلی مقدمے قائم کر کے سزائے موت بھی دی‘ ترکی میں 2010ءتک ایسے لاتعداد خاندان اور لوگ موجود تھے جنہیں فوج نے30 سال قبل آمریت کی چکی میں پیساتھا‘ اردگان نے ان لوگوں کو انصاف دینے کا بیڑا اٹھایا‘حکومت نے ملک کے تین ریٹائر جرنیلوں سمیت 300 اعلیٰ فوجی افسروں کو عدالتوں میں پیش کیا ‘ عدالتوں نے انہیں سزائیں سنا ئیں‘ یہ افسر اس وقت زندگی کے 80 سال گزار چکے تھے‘ عوام نے اس ٹرائل پر تالیاں بجائیں‘ اردگان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا‘ اردگان نے اس مقبولیت کا فائدہ 2011ءکے الیکشنوں میں اٹھایا‘ترکی میں جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی نے 50 فیصد ووٹ حاصل کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا اور یہاں سے ایک نئے طیب اردگان نے جنم لیا۔
آپ یہ یاد رکھئے مقبولیت ایک ایسا مرض ہے جس سے تمام انسان متاثر ہوتے ہیں‘ یہ مرض صرف اللہ تعالیٰ کے نبیوں اورولیوں کو نقصان نہیں پہنچا تا باقی تمام انسان کبھی نہ کبھی‘ کسی نہ کسی طرح مقبولیت کے جراثیم کا شکار ضرور ہوتے ہیں‘ طیب اردگان بھی خود کو مقبولیت‘ اقتدار اور دولت کی ہوس سے نہ بچا سکے‘ یہ2011ءکے بعد تیزی سے امیر ہونے لگے اور دیکھتے ہی دیکھتے قاسم پاشا کا وہ نوجوان جس کا بچپن ٹافیاں بیچتے گزرا تھا اور جس نے زندگی کا طویل عرصہ عسرت میں گزارا تھا وہ ترکی کے رﺅساءمیں شمار ہونے لگا‘ اردگان کے پورے خاندان نے دولت کے سمندر میں چھلانگ لگا دی‘ یہ کمپنیاں بنانے لگے اور کمپنیاں دن دگنی اور رات چوگنی ترقی کرنے لگیں‘ اردگان کا بیٹا بلال اٹلی میں منی لانڈرنگ اور کرپشن کے الزامات کی زد میں آ گیا‘ اردگان کی خفیہ ٹیپس بھی سامنے آگئیں‘ یہ ٹیپس میں اپنے بیٹے کو پیسے ٹھکانے لگانے کا مشورہ دے رہے تھے‘ اردگان نے انقرہ میں1150 کمروں کا محل بھی بنالیا‘ یہ آج کے وقت میں دنیا کا سب سے بڑا محل ہے‘ اس کی مالیت 615 ملین ڈالر ہے‘ اردگان پر کمیشن اور کک بیکس کے الزامات بھی لگ گئے اور ان کے برادر نسبتی کا نام بھی میڈیا میں آنے لگا‘ یہ بھی نصف درجن کمپنیوں کے مالک ہیں‘ پاکستان میں میٹرو بس کا ٹھیکہ ان کی کمپنی کے پاس ہے‘ ترکی میں میڈیا آزاد تھا‘ میڈیا نے یہ سٹوریاں دینا شروع کر دیں‘ اردگان میڈیا سے ناراض ہو گئے‘ میڈیا کے پیچھے بڑے بزنس گروپس تھے‘ یہ گروپس فتح اللہ گولن سے متاثر ہیں‘ گولن اور ترک بزنس مین دونوں2011ءتک طیب اردگان کے حامی تھے‘ اردگان کی ناراضگی بزنس مینوں اور فتح اللہ گولن کو ان سے دور لے گئی‘ اردگان نے دسمبر 2014ءمیں ترکی کے بڑے اخبار ڈیلی زمان کے ایڈیٹر انچیفEkrem Dumanli اورنومبر2015ءمیں دوسرے بڑے اخبار کمہوریت کے ایڈیٹر انچیف Erdem Gul کو گرفتار کرلیا‘اردگان حکومت نے ستمبر اوراکتوبر 2015ءمیں دو بڑے میڈیا گروپس ڈوگن اور کوزا ایپک پربھی ریڈ کیا ‘پولیس نقاد صحافیوں کو اٹھا کر لے گئی اور حکومت نے کاروباری گروپوں کے خلاف بھی کریک ڈاﺅن شروع کر دیا‘ حکومت کی ان حرکتوں نے ملک میں انتشار پیدا کر دیا‘ اردگان استنبول کے غازی پارک کی جگہ ایک شاپنگ مال تعمیر کرنا چاہتے تھے‘ لوگوں نے ان کا یہ منصوبہ مسترد کر دیا‘ 28مئی2013ءکو تقسیم سکوائر میں احتجاج شروع ہوا‘ یہ احتجاج دھرنے میں تبدیل ہو گیا‘ پولیس نے مظاہرین پر گولیاں چلادیں جس کے نتیجے میں 11 لوگ ہلاک اور 8 ہزار سے زائد لوگ زخمی ہوگئے‘ حکومت نے اس دوران سوشل میڈیا اور میڈیا دونوں پر پابندی لگا دی‘ اردگان نے اس سے قبل 2011ءمیں فوج کو مزید ٹائیٹ کرنے کےلئے آئینی اصلاحات بھی شروع کر دیں‘ فوج نے اعتراض کیا تو حکومت نے 17 ہائی رینک جرنیلوں سمیت 300 سے زائد افسر گرفتار کر لئے تھے‘ جواب میں تینوں افواج کے سربراہوں نے استعفیٰ دے دیا‘ یہ دنیا کی تاریخ کا انوکھا واقعہ تھا جس میں کسی ملک کی تینوں افواج کے سربراہ بیک وقت مستعفی ہو گئے ہوں چنانچہ فوج بھی اردگان سے ناراض تھی۔ طیب اردگان ملک میں صدارتی نظام نافذ کرنے میں بھی مصروف ہو گئے‘ اردگان نے ہمسایوں اور بین الاقوامی طاقتوں کے ساتھ بھی چھیڑ چھاڑ شروع کر دی‘ یہ شام کے صدر بشار الاسد کو دھمکانے لگے جس کے بعد ترکی اور شام کی سرحدی جھڑپیں شروع ہوگئیں‘ یہ داعش کو رقم‘ ٹریننگ اور علاج کی سہولتیں بھی دینے لگے‘ یہ اسرائیل سے بھی بھڑ گئے‘ یہ ایران کے ساتھ بھی الجھ پڑے‘ انہوں نے روس کا فوجی طیارہ بھی مار گرایا اور یہ بین الاقوامی فورمز پر بھی غیر محتاط بیانات دینے لگے‘ مثلاً طیب اردگان نے کہا ”مسلمانوں نے کولمبس سے پہلے امریکا دریافت کیا تھا“ مثلاً فیملی پلاننگ اسلام میں جائز نہیں‘ آپ زیادہ سے زیادہ بچے پیدا کریں“ اور مثلاً مسجدیں ہماری بیرکیں ہیں‘ گنبد ہمارے ہیلمٹ ہیں اور مینار ہماری تلواریں“ یہ بیانات غلط نہیں ہیں لیکن یہ کسی سربراہ حکومت کے منہ سے اچھے نہیں لگتے‘ فتح اللہ گولن اعتدال پسند دانشور ہیں‘ یہ شدت اور کرپشن کے خلاف ہیں‘ یہ میانہ روی اور توازن کے قائل ہیں‘ یہ اردگان کی ان حرکتوں سے برگشتہ ہوئے اور ان کی برگشتگی ان کے لاکھوں چاہنے والوں کو اردگان سے دور لے گئی‘ گولن کے مرید محکمہ تعلیم سے لے کر صحت‘ پولیس‘ عدلیہ اور فوج تک میں موجود ہیں‘ یہ لوگ کاروبار اور صنعت کے شعبوں میں بھی ہیں‘ یہ تمام ناراضگیاں‘ اردگان کے سکینڈل‘ ان کی سیاسی اور سفارتی چھیڑ چھاڑ اور ان کے غیر محتاط بیانات بارود بنے‘ یہ بارو پھٹا اور اس کے دھوئیں سے 15 جولائی 2016ءکی شام نے جنم لے لیا۔
ہمارے ملک کے دیوانے عبداللہ اس وقت ترک جمہوریت کی فتح کا جشن منا رہے ہیں‘ ہمارے سیاستدان طیب اردگان کی کامیابی کو اپنی کامیابی اور ترکش فوج کی ناکامی کو پاکستان میں مارشل لاءکے حامیوں کی ناکامی سمجھ رہے ہیں‘ ہمارے تجزیہ کار ترک فوج کی ناکامی کو میاں نواز شریف کی خوش قسمتی بھی قرار دے رہے ہیں‘ یہ سمجھتے ہیں میاں نواز شریف خوش نصیب انسان ہیں اور اللہ تعالیٰ نے انہیں ترکی سے نیک شگون بھیجے ہیں لیکن میں افسردہ ہوں‘ کیوں؟ کیونکہ دنیا میں طویل عرصے بعد ایک مسلمان ملک ابھرا تھا‘ ایک ایسا مسلمان ملک جس میں فوج‘ جمہوریت اور معیشت تینوں مضبوط تھیں‘ ہم جیسے ملک اس کی پیروی کر رہے تھے‘ ترکی سے قبل دنیا کے ماہرین کا خیال تھا ہم مسلمان جب بھی اسلام کو فوج‘ جمہوریت اور معیشت کے ساتھ چلانے کی کوشش کرتے ہیں ‘ ہم بری طرح ناکام ہو جاتے ہیں‘ یہ کہتے تھے مصر‘ شام‘ ایران اور پاکستان میں فوج مضبوط ہے مگر وہاں جمہوریت اورمعیشت کی حالت ٹھیک نہیں‘ ملائشیا میں جمہوریت اور معیشت ہے لیکن وہاں فوج نہیں اور متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں خوش حالی ہے مگر ان کے پاس جمہوریت اور فوج دونوں نہیں ہیں‘ ہم یہ تبصرے پڑھ کر خاموش ہو جاتے تھے‘ تاریخ میں طویل عرصے بعد ترکی ایک ایسا اسلامی ملک بن کر ابھرا جس میں معیشت بھی تھی‘ جمہوریت بھی اور مضبوط فوج بھی لیکن بدقسمتی کے ایک جھٹکے نے ایک ہی رات میں ان تینوں کا شیرازہ بکھیر دیا‘ ہم جس انقلاب کو عوامی جمہوری انقلاب کہہ رہے ہیں‘ آپ غور کیجئے اس نے کیا کیا؟ اس نے باسفورس کے پل پر دنیا کی سب سے بڑی اسلامی فوج کا جنازہ نکال دیا‘ آپ ترکی کے فوجیوں کی پھٹی ہوئی وردیاں دیکھیں‘ ان کو سڑکوں پر جوتے اور بیلٹس کھاتے دیکھیں اور اس کے بعد دل پر ہاتھ رکھ کر فیصلہ کریں‘ کیا یہ فوج اب ترکی کی حفاظت کر سکے گی؟ آپ فیصلہ کیجئے جس فوج کے 103 جرنیلوں کو سڑکوں پر ذلیل کر دیا گیا ہو اور جن کی وردیاں ان کی اپنی عوام نے سڑکوں پر پھاڑ دی ہوں اور جن کو سڑکوں پر لٹا کر جوتے مارے گئے ہوں کیا وہ فوج اپنا مورال سنبھال سکے گی؟ اور آپ یہ بھی ذہن میں رکھئے ترک فوج اس وقت چار محاذوں پر لڑ رہی ہے‘ آپ اس کے بعد معیشت کی حالت دیکھئے‘ ترکی میں ہر سال تین کروڑ 70 لاکھ سیاح آتے تھے‘ کیا یہ سیاح اب ترکی آئیں گے؟ آپ لیرے کی صورت حال بھی دیکھ لیجئے‘ یہ تین دن میں 30 فیصد نیچے آ گیا ہے‘ آپ سول بیورو کریسی کو بھی دیکھ لیجئے‘ ملک بھر سے 45 ہزار سرکاری ملازموں کو گرفتار کر لیا گیا ہے‘ ان میں فوج‘ پولیس‘ عدلیہ‘ یونیورسٹیوں اور انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیدار بھی شامل ہیں‘ کیا ترکی اب ان 45 ہزار لوگوں کے بغیر سسٹم چلا سکے گا اور پیچھے رہ گئی جمہوریت تو آپ یہ ذہن میں رکھئے عوام بوتل کے جن ہوتے ہیں‘ یہ اگر ایک بار باہر آ جائیں تو پھر انہیں واپس بوتل میں ڈالنے کےلئے دہائیاں چاہیے ہوتی ہیں‘ ترک عوام آج یہ سمجھ رہے ہیں طیب اردگان اس وقت صدر اور بنالی یلدرم وزیراعظم ہیں تو یہ ہماری وجہ سے ہیں‘ ہم اگر 15 جولائی کی رات باہر نہ نکلتے تو فوج انہیں پھانسی لگا دیتی چنانچہ آپ فیصلہ کیجئے کیا یہ عوام اب طیب اردگان کو آرام سے حکومت کرنے دیں گے؟ کیا حکومت اب اپنی مرضی سے پالیسیاں بنا سکے گی؟ جی نہیں! چنانچہ میں سمجھتا ہوں 15 جولائی ترک تاریخ کا خوفناک ترین دن تھا‘ اس دن اگر فوج جیت جاتی تو بھی ترکی ہار جاتا اور اس دن جمہوریت جیت گئی ہے تو بھی ترکی ہار چکا ہے اور ترکوں نے یہ قربانی کس قیمت پر دی؟ ایک شخص کے اقتدار کےلئے!
یہ سو فیصد درست ہے طیب اردگان کو اللہ تعالیٰ نے لیڈر شپ کی بے پناہ صلاحیتیں دی ہیں‘ انہوں نے یورپ کے مرد بیمار کو دس برسوں میں مرد توانا بنا کر پوری دنیا کو حیران کر دیا‘ ترکی آج جو کچھ ہے اس کا 80 فیصد کریڈٹ طیب اردگان کو جاتا ہے لیکن سوال یہ ہے کیا طیب اردگان ترکی کےلئے ناگزیر ہیں؟ کیا یہ ملک کو اپنی پارٹی کے کسی دوسرے اہل شخص کے حوالے کر کے ترکی کو 15 جولائی سے بچا نہیں سکتے تھے؟ کیا یہ ترکی کی اس تباہی کے ذمہ دار نہیں ہیں اور کیا یہ اب فتح اللہ گولن اور حزمت تحریک کو نقصان پہنچا کر دنیا کی ایک بڑی فلاحی تنظیم کو تباہ نہیں کر رہے؟ میں یہ سمجھتا ہوں ترکی کے محسن ہی نے ترکی کو تباہ کر دیا اور اب کوئی معجزہ ہی طیب اردگان اور ترکی دونوں کو بچا سکے گا‘ ترک فوج اور معیشت تباہ ہو چکی ہے اور جمہوریت کی فتح کا یہ جشن کسی بھی وقت نوحے میں تبدیل ہو جائے گا‘ترکی واپس 1990ءکی دہائی میں چلا جائے گا۔
ہم اب آتے ہیں پاکستان کی طرف‘ پاکستان واقعی ترکی نہیں ہے۔

آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں


کالم



کرسمس


رومن دور میں 25 دسمبر کو سورج کے دن (سن ڈے) کے طور…

طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے

وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…

پاور آف ٹنگ

نیو یارک کی 33 ویں سٹریٹ پر چلتے چلتے مجھے ایک…

فری کوچنگ سنٹر

وہ مجھے باہر تک چھوڑنے آیا اور رخصت کرنے سے پہلے…

ہندوستان کا ایک پھیرا لگوا دیں

شاہ جہاں چوتھا مغل بادشاہ تھا‘ ہندوستان کی تاریخ…

شام میں کیا ہو رہا ہے؟

شام میں بشار الاسد کی حکومت کیوں ختم ہوئی؟ اس…

چھوٹی چھوٹی باتیں

اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں فلیٹس کا ایک ٹاور…

26نومبر کی رات کیا ہوا؟

جنڈولہ ضلع ٹانک کی تحصیل ہے‘ 2007ء میں طالبان نے…

بے چارہ گنڈا پور

علی امین گنڈا پور کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جو…

پیلا رنگ

ہم کمرے میں بیس لوگ تھے اور ہم سب حالات کا رونا…

ایک ہی بار

میں اسلام آباد میں ڈی چوک سے تین کلومیٹر کے فاصلے…