واشنگٹن (این این آئی) بین الاقوامی تحقیقاتی ادارے پیو ریسرچ سنٹرنے دنیا کے مختلف مذاہب پر کی گئی حالیہ تحقیق کی رپورٹ جاری کردی ہے، جسے دیکھ کر غیر مسلموں کے تو دل ہی بجھ گئے ہیں، لیکن اہل اسلام کے دل خوشی سے جھوم اٹھے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق عالمی شہرت یافتہ تحقیقاتی ادارے کا کہنا تھا کہ اسلام دنیا میں سب سے تیزی سے پھیلنے والا مذہب ہے، اور 2070ء تک مذہب اسلام کے پیروکاروں کی تعداد دنیا میں سب سے زیادہ ہوگی، جبکہ عیسائیت دوسرے نمبر پر ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق 2050ء تک مسلمانوں کی تعداد میں اضافہ کسی بھی دوسرے مذہب کے پیروکاروں کی تعداد کے مقابلے میں دو گنا رفتار پر ہوگا۔ 2010ء سے 2050ء کے درمیان یہودیت کے پیروکاروں میں 16 فیصد، ہندوؤں کی تعداد میں 34 فیصد، عیسائیوں کی تعداد میں 35 فیصد لیکن مسلمانوں کی تعداد میں 73فیصد اضافہ ہوگا۔مذاہب کے پھیلاؤ کے متعلق اگرچہ اس سے پہلے بھی کئی رپورٹیں سامنے آئی ہیں لیکن یہ پہلی رپورٹ ہے جس میں فارمل ڈیموگرافک پروجیکشن، عمر، فرٹیلٹی، مورٹیلٹی، مائیگریشن اور متعدد دیگر عوامل کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے اور اس تحقیق میں دنیا بھر کے مذاہب کا تقابل کیا گیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق اگلی چار دہائیوں کے دوران مسلمانوں کی تعداد ڈیڑھ ارب سے بڑھ کر تقریباً تین ارب تک پہنچ چکی ہوگی۔