اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے ایران کے خلاف کسی بھی نئی فوجی کارروائی سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے اقدام سے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی مزید شدت اختیار کر سکتی ہے اور جاری تنازع کے خاتمے میں تاخیر ہوگی۔
ان کے مطابق جنگ کا خاتمہ صرف سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق حاقان فیدان نے استنبول میں مصر، پاکستان، سعودی عرب، جرمنی، فرانس، برطانیہ اور اٹلی کے وزرائے خارجہ سے اہم ملاقات کی، جس میں ایران جنگ کی تازہ صورت حال، حوثی جنگجوؤں کے سعودی عرب پر حملوں اور یوکرین میں روسی جنگ سمیت مختلف علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ شریک ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ ایران پر دوبارہ حملہ کرنے سے خطے میں حالات مزید خراب ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی مسائل کا حل نہیں،
بلکہ اس سے تنازع کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ جائے گا۔حاقان فیدان کے مطابق اجلاس میں شریک کسی بھی ملک نے ایران پر ایک اور فوجی حملے یا اس کے معاملات میں فوجی مداخلت کی حمایت نہیں کی۔ ملاقات میں اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ ایران جنگ کو مزید وسعت اختیار کرنے سے روکنے کے لیے کیا اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔



















































