بیجنگ (آن لائن) چین نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق امریکی الزامات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کو ایک بڑی عالمی طاقت ہونے کی مناسبت سے رویہ اختیار کرنا چاہیے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطحی
اجلاس کے دوران چینی مندوب ڑانگ جن نے امریکہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’بس، بہت ہو گیا، آپ پہلے ہی دنیا کے لیے کافی مشکلات کھڑی کر چکے ہیں۔‘ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ’امریکہ میں اب تک 70 لاکھ افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں اور دو لاکھ سے زیادہ اموات ہوئیں، سب سے بہترین طبی ٹیکنالوجی اور نظام کے باوجود امریکہ میں سب سے زیادہ وائرس کے کیسز اور اس سے ہونے والی اموات کیوں واقع ہوئی ہیں۔ چینی مندوب کا کہنا تھا کہ کورونا کے پھیلاؤ کے حوالے سے اگر کسی پر ذمہ داری عائد کرنے کی ضرورت ہے تو چند امریکی سیاستدانوں کو اس کا جوابدہ ٹھہرانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو سمجھنا چاہیے کہ ایک بڑی عالمی طاقت کو بڑی طاقت کی طرح ہی رویہ اختیا کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر امریکہ مکمل طور پر تنہا ہو چکا ہے۔