ریاض( آن لائن ) سعودی حکام کا کہنا ہے کہ رواں برس محدود حج کی کامیابی کے بعد ایس او پیز کے ساتھ عمرہ شروع کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ سعودی عرب کے وزارت حج و عمرہ کے سیکریٹری ڈاکٹر حسین الشریف کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ عمرہ کے بارے میں بھی معاملہ زیر غور ہے۔
ڈاکٹر شریف کا کہنا ہے کہ ہر برس حج کے اختتام کے ساتھ ہی حج آپریشن کے تمام پہلوؤں پر غور کر کے جامع رپورٹ تیار کی جاتی ہے جس کی روشنی میں آئندہ برس کے لیے تیاریاں شروع کی جاتی ہیں۔جدہ کے شاہ عبد العزیز ایئر پورٹ کے ڈائریکٹر عصام فواد کا کہنا ہے کہ مملکت کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کرتے ہوئے رواں برس حجاج کو تمام مقررہ سہولتیں فراہم کی گئیں۔ان کا کہنا ہے کہ حجاج کی آمد سے لے کر روانگی تک کے تمام معاملات مقررہ شیڈول کے مطابق انجام دیے گئے تاکہ حجاج کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔رواں برس مملکت کے 8 شہروں ریاض، مدینہ منورہ، الوجہ، دمام، قصیم، ابہا، جیزان اور تبوک سے عازمین حج کو سعودیہ ایئر کی اندرون ملک پروازوں کے ذریعے جدہ لایا گیا تھا۔