ریاض (این این آئی )سعودی عرب میں کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن سے معیشت کے استحکام اور کمپنیوں کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے نجی ملازمین کو آئندہ دو سال تک نصف تنخواہ حکومت کی جانب سے دینے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔سعودی عرب کی وزارت انسانی وسائل و سماجی ترقی نےنجی اداروں کے 4 ہزار سے 15 ہزار ریال تنخواہ لینے والے ملازمین کو دو سال تک
حکومت کی جانب سے آدھی تنخواہ دینے کا اعلان کیا۔عرب ویب سائٹ عاجل کے مطابق وزارت انسانی وسائل و سماجی ترقی نے واضح کیا کہ مذکورہ ریلیف ملازمین کو کورونا ریلیف پروگرام کے تحت دیا جائے گا اور اس میں حکومت ملازمین کو ان کی نصف تنخواہ ادا کرے گا۔سعودی وزارت انسانی وسائل و سماجی ترقی نے مزید کہا کہ حکومت نے ریاض، جدہ، دمام اور الخبر کے نجی اداروں میں کام کرنے والی خواتین اور معذور ملازمین کو نصف تنخواہ کے ساتھ ساتھ 10 فیصد اضافی رقم دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔سعودی وزارت کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ اقدامات ملازمین کو بیروزگار ہونے سے بچانے کے لیے کیے گئے ہیں اور کورونا وائرس کی وبا کے دوران عوام، مزدوروں اور ملازمین کی بہبود اور تحفظ کے لیے ایسے مزید اقدامات اُٹھاتے رہیں گے۔