نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) کرونا وائرس کی مہلک وباء کی وجہ سے دنیا بھر کی طرح بھارت میں بھی لاک ڈاؤن کر دیا گیا، اس لاک ڈاؤن کی وجہ سے سینکڑوں لوگوں نے شہر سے گاؤں کی جانب ہجرت کر لی، اس کی وجہ شہروں میں روزگار کا نہ ہونا تھا۔ اس کی جانے والی ہجرت میں ایک انتہائی افسوسناک اور رُلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔
جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہے، اس تصویر میں ایک ننھا بچہ اپنی ہلاک ہونے والی والدہ کو اٹھانے کی ناکام کوشش میں مصروف ہے، بھارت کے مقامی میڈیا کے مطابق اس ہلاک ہو جانے والی خاتون کا شمار ان 9 افراد میں ہوتا ہے جو گزشتہ چند دنوں میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہجرت کرتے ہوئے ہلاک ہوئے۔ خاتون کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ بھوک اور گرمی کی شدت کی وجہ سے ہلاک ہوئی۔ جبکہ اس کے برعکس مقامی پولیس اور ریلوے سٹیشن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خاتون اپنی کسی بیماری کی وجہ سے ہلاک ہوئی ہے لیکن ساتھ سفر کرنے والے لوگوں کا کہنا تھا کہ سفر بہت لمبا تھا اور کھانے اور پانی کی قلت کی وجہ سے خاتون اس دنیا سے رخصت ہو گئی۔ واضح رہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے خصوصی ٹرین چلائی گئی کہ جو افراد اپنے گھروں کو جانا چاہتے ہیں وہ اس میں سفر کریں، یہ خاتون بھی اسی ٹرین میں تھی اور ہلاک ہوئی جس کا چھوٹا بچہ اسے اٹھانے کی اپنی طرف سے کوشش کر رہا ہے لیکن وہ ننھا بچہ اس میں ناکام رہا کیونکہ اس کی والدہ اس دنیا سے رخصت ہو چکی تھی۔