بیجنگ ( اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک) چین کا کہنا ہے کہ ڈبلیو ایچ او نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کو کسی لیبارٹری میںنہیں بنایا گیا۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان نے گزشتہ روز صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ عالمی ادارہ صحت نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ عالمی سطح پر 20 لاکھ سے زائد افراد کو متاثر کرنے والے کورونا وائرس کو ایک لیبارٹری میں بنایا گیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی فوج کے سربراہ جنرل مارک ملی نے بھی پینٹاگون میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئےکہا تھا کورونا وائرس کو چین کی تجربہ گاہ میں حیاتیاتی ہتھیار کے طور پر نہیں بنایا گیا، میڈیا پر اور سوشل میڈیا میں اس حوالے سے افواہیں اور قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔جنرل مارک ملی نے کہا کہ قیاس آرائیوں کا جنرل انٹیلی جنس حکام نے جائزہ لیا جو کسی نتیجے پر نہیں پہنچے مگر ٹھوس شواہد وائرس کے قدرتی ہونےکی جانب اشارہ کرتے ہیں، شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ کورونا وائرس قدرتی طور پر ہی ماحول میں موجود تھا۔