لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) لندن پولیس نے ایک کانسٹیبل پر کھانسنے کے جرم میں ایک شخص کو چھ ماہ کے لئے جیل بھیج دیا۔ میٹروپولیٹن پولیس کے حکام کا کہنا ہے کہ 55 سالہ ایڈم لیوس نے جائے وقوعہ پر موجود پولیس کانسٹیبل کو بتایا کہ مجھے کورونا وائرس ہے اور میں تم کو بھی اس سے متاثر کردوں گا، ایڈم نے یہ کہہ کر پولیس والے کے قریب آ کر کھانسنا شروع کر دیا۔ میٹرو پولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ جھگڑے کے دوران مجرم
نے دھمکی دی کہ میں منہ سے کاٹ کر تم میں وائرس منتقل کردوں گا۔ چیف سپرنٹنڈنٹ ہیلن ہارپر نے اس واقعہ کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک تھا اور اگر ہم اس قسم کے ناقابل قبول سلوک کا سامنا کرتے ہیں تو ہمارے لیے مناسب ردعمل دینا ضروری ہوتا ہے۔ چیف سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ اس سزا سے مجھے امید ہے مضبوط پیغام پہنچا ہے کہ اس قسم کا رویہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔