واشنگٹن( آن لائن )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کی جانب سے کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہونے والوں کے جاری کردہ اعداد و شمار پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے جب کہ امریکا کی قومی سلامتی کے مشیر نے بھی کہا ہے کہ چینی اعداد و شمار کے مصدقہ ہونے کا پتا نہیں چلایا جا سکتا۔ قبل ازیں بلوم برگ نیوز نے ایک رپورٹ میں امریکی انٹیلیجنس کی
ایک خفیہ رپورٹ کے حوالے سے دعوی کیا کہ چین میں کووڈ انیس کے مریضوں اور ہلاک شدگان کی تعداد حقیقت سے کم بتائی گئی۔ ٹرمپ کے بقول فی الحال انہیں اس بارے میں کوئی خفیہ رپورٹ نہیں ملی۔ امریکی صدر نے مزید بتایا کہ انہوں نے اپنے چینی ہم منصب سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے البتہ گفتگو میں اعداد و شمار پر بات نہیں ہوئی۔