واشنگٹن (این این آئی)امریکی وزارت دفاع (پینٹاگان) نے اعلان کیا ہے کہ کرونا وائرس کے متاثرین میں شامل پہلا امریکی فوجی چل بسا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جاری بیان میں پینٹاگان نے بتایا کہ نیوجرسی میں نیشنل گارڈز سے تعلق رکھنے والا کرونا سے متاثرہ فوجی اہل کار کیپٹن ڈگلس ہیکوک 21 مارچ سے ہسپتال میں زیر علاج تھا۔ وہ ہفتے کے روز فوت ہو گیا۔ہیکوک نیشنل گارڈز میں طبی معاون کے طور پر
فرائض انجام دے رہا تھا۔ وہ امریکا میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے کی جانے والی امدادی کوششوں میں بھی شریک رہا۔امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے آج کا دن غم اور رنج کا ہے ، ہم نے کرونا کے سبب امریکی عسکری خدمت میں سرگرم پہلا اہل کار کھو دیا۔امریکی وزارت دفاع نے اعلان میں بتایا کہ اب تک امریکی فوج کے 568 اہل کار کرونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔