ابوظہبی(این این آئی)متحدہ عرب امارات میں کابینہ نے متعدد نئے فیصلوں کی منظوری دی ہے۔ یہ فیصلے ملک میں مختلف سیکٹروں کو کرونا وائرس کے منفی اثرات سے بچانے کے لیے حکومتی اقدامات کا حصہ ہیں۔ اس کا مقصد شہریوں ، غیر ملکی مقیمین اور امارات کا دورہ کرنے والوں کی صحت اور سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اماراتی کابینہ نے اس بات کی منظوری دی ہے کہ
یکم مارچ 2020 کو اختتام پذیر ہونے والے اقاموں (پرمٹس) کی مدت میں تین ماہ کی توسیع کر دی جائے۔ مذکورہ مدت کے بعد بھی یہ اقامے قابل تجدید ہوں گے۔ اقاموں کی تجدید پر کوئی اضافی فیس نہیں لی جائے گی۔موجودہ حالات کی روشنی میں اقامے سے متعلق کسی بھی خلاف ورزی پر غیر ملکی مقیمین پر کوئی مالی جرمانہ عائد نہیں کیا جائے گا۔امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق یکم اپریل 2020 سے تین ماہ کے لیے غیر ملکی مقیمین پر اقاموں کی خلاف ورزی کی مد میں ہر طرح کے انتظامی جرمانے معاف کر دیے گئے ۔اماراتی کابینہ نے ایک اور فیصلے کی بھی منظوری دی۔ اس فیصلے کے تحت نوٹری کی کارروائیوں میں ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز کی ٹکنالوجی کے استعمال کے منصوبے کے لیے عارضی پرمٹ جاری کیا جائے گا۔ اس کا مقصد اماراتی شہریوں اور غیر ملکی مقیمین کو سہولت پیش کرنا ہے تا کہ وہ موجود حالات میں اپنے عدالتی معاملات پورے کر سکیں۔ مزید یہ کہ عدالتی اداروں کی طرف رجوع کرنے والوں کی سلامتی کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔اسی طرح کابینہ نے یکم مارچ 2020 کو اختتام پذیر ہونے والی حکومتی خدمات کی مدت میں تین ماہ کی توسیع کی منظوری دے دی ہے۔ اس توسیع کا آغاز یکم اپریل 2020 سے ہو کا۔ فیصلے کا اطلاق وفاقی حکومت کی تمام خدمات پر ہو گا۔ ان میں دستاویزات، اجازت نامے، لائسنسز اور تجارتی رجسٹریشن شامل ہے۔