ریاض (این این آئی)سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے کرونا وائرس سے متاثرہ ایک مریض کی موت کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ مملکت میں اس مہلک وائرس کا شکار افراد کی تعداد 767 ہوگئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد عبدالعالی نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ کرونا وائرس سے لقمہ اجل بننے والا مریض غیرملکی ہے۔اس کو مدینہ منورہ میں ایک اسپتال کی ایمرجنسی میں لایا گیا تھا جہاں اس کی حالت بڑی تیزی سے بگڑ گئی
اور وہ سوموار کی شب جان کی بازی ہار گیا ہے۔سعودی عرب میں اس مہلک وائرس سے یہ پہلی موت ہے۔انھوں نے کرونا وائرس کے 205 نئے مریضوں کی اطلاع دی ہے۔سعودی عرب میں اب تک ایک دن میں اس مہلک وائرس کا شکار ہونے والے افراد کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔سعودی حکام نے شہریوں پر زوردیا کہ وہ کرفیو کے مذکورہ اوقات میں اپنے گھروں ہی میں مقیم رہیں، سماجی روابط سے گریز کریں اور کسی ناگزیر ضرورت ہی کی صورت میں گھر سے باہر نکلیں۔