تہران (این این آئی)ایران میں کرونا وائرس پھیلنے کے بعد پورے ملک میں جہاں ہرطرف خوف طاری ہے وہیں جگہ جگہ کرونا سے ہلاک ہونے لوگوں کی لاشیں بکھری دکھائی دیتی ہیں۔ گلیوں اور فٹ پاتھوں پر کرونا سے مرنے والوں کی لاشیں پڑی ہوئی ہیں مگر اس موذی بیماری کے خوف سے ان لاشوں کے قریب جانے کی ہمت کوئی نہیں کر پاتا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق ایران میں ہر گھنٹے کرونا کے شکار کسی شخص کی ہلاکت یا نئے کیسز کی خبریں آ رہی ہیں۔ ایسے لگتا ہے کہ ایران کا نظام صحت جو پہلے ہی تباہی کے دھانے پر ہے مزید دبائو کا شکار ہوگیا ہے۔ موجودہ حالات میں جہاں ایرانی عوام کے لیے زندگی کی امید دم توڑتی جا رہی ہے وہیں قبرستانوں کا دائرہ تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے۔ایران میں سوشل میڈیا پر ایسی کئی ویڈیوز گردش کر رہی ہیں جن میں ایرانیوں کو درپیش مشکل حالات کو دکھایا گیا ہے۔ایک ویڈیو کلپ میں دکھایا گیا ہے کہ شمالی ایران کے شہر ساری میں سڑک پر ایک شخص فٹ پاتھ پر پڑا ہے جبکہ کیمرا مین کے مطابق کرونا وائرس نے اس شخص کو ہلاک کردیا ہے۔ ایسا لگتا تھا کہ یہ شخص دم توڑ رہا ہے مگر اسے اسپتال لے جانے کے کوئی ایمبولینس دستیاب ہے اور نہ ہی کرونا کا شکار ہونے کے ڈر سے کوئی اس کی مدد کر پا رہا ہے۔