تہران (این این آئی )ایرانی میڈیا نے بتایا ہے کہ ایران کے تمام صوبوں میں کرونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 483 ہو چکی ہے۔ یہ بات بدھ کی شام ذرائع کے حوالے سے بتائی گئی۔ علاوہ ازیں ایرانی ویب سائٹوں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ قْم شہر کے علمی مرکز (حوزہ) کا ایک معلم محسن حبیبی بھی کرونا سے متاثر ہو کر وفات پا گیا ہے۔ اس بات کی تصدیق ایرانی ویب سائٹ نے بھی کر دی ۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب کی انٹیلی جنس کا ایک کمانڈر کرونا وائرس کے سبب چل بسا۔ ویب سائٹ کے مطابق رمضان پور قاسم پاسداران انقلاب کی انٹیلی جنس کا کمانڈر ہونے کے ساتھ حسن روحانی کی پہلی اور دوسری حکومت میں ٹیلی کمیونی کیشن کا نائب وزیر بھی رہ چکا ہے۔ وہ ساری شہر میں خمینی ہسپتال میں فوت ہوا۔ تاہم دیگر ایرانی ویب سائٹوں کا کہنا ہے کہ رمضان کی طبعی موت واقع ہوئی ہے۔