دبئی (این این آئی)خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات میں شامل دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو ایک مرتبہ پھر دنیا کا مصروف ترین ایئر پورٹ قرار دیا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بتایا گیا کہ 2019 میں اس ہوائی اڈے سے سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد چھیاسی ملین سے زائد رہی۔ یہ تعداد دوسری پوزیشن پر آنے
والے لندن کے ہیتھرو ہوائی اڈے سے چھ ملین زیادہ ہے۔ گزشتہ برس دبئی ایئر پورٹ کو استعمال کرنے والے مسافروں میں تین فیصد کمی واقع ہونے کے باوجود اسے مصروف ترین قرار دیا گیا۔ یہ مسلسل چھٹا برس ہے کہ دبئی کے ہوائی اڈے کو بین الاقوامی سفر کے لیے دنیا کا مصروف ترین ایئر پورٹ قرار دیا گیا۔