اسلام آباد ( آن لائن )سعودی عرب نے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کی حامی بھر لی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے سعودی عرب کے دوروں کے ثمرات سامنے آنے لگے ہیں۔سعودی عرب نے پاکستان میں کثیر سرمایہ کاری کی حامی بھر لی ہے۔سعودی عرب چنیوٹ میں لوہے اور تانبے کے ذخائر نکالنے میں سرمایہ کاری کرے گا۔چیف سیکرٹری آفس کے معتبر ذرائع کے مطابق چنیوٹ میں معدنیات کے
ذخائر سی پیک پراجیکٹ کا اہم حصہ قرار دے دئیے گئے ہیں۔7 ارب 50 کروڑ امریکی ڈالر سے زائد مالیت کے 250 میٹرک ٹن ذخائر نکالے جائیں گے۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے پاکستان کے دورے کے دوران انہیں چنیوٹ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی گئی تھی۔گذشتہ سال ستممبر میں سعودی عرب نے سعودی ولی عہد کے دورے کے دوران پاکستان میں کی گئی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر عمل درآمد کو تیز بنانے کی یقین دہانی کروائی تھی۔سعودی وفد نے وزیر توانائی کی سربراہی میں پاکستان کا دورہ کیا، سعودی وفد نے مشیرتجارت زراق داود سے ملاقات کی جس میں سعودیہ عرب کی جانب سے بیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ سعودی وزیر توانائی نے پاکستان میں کی گئی سرمایہ کاری کے معاہدوں پرعمل درآمد کو تیز بنانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا پاکستان میں پیٹرو کیمیکل ریفائری لگائی جائے گی جو کہ ایک بڑا اور اہم منصوبہ ہوگا۔مشیرتجارت زراق دائود نے کہا کہ پاکستان کے توانائی سیکٹرمیں بے پناہ مواقع موجود ہیں اور اس سیکٹر میں سعودی عرب کو سرمایہ کاری انتہائی سود مند ثابت ہوگی۔خیال رہے کہ جب سے سعودی عرب نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پر دلچسپی لی تب سے سعودیہ میں موجود بڑے بڑے سرمایہ کاروں نے بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔ سعودی عرب کے التمیمی گروپ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں ۔سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا، وزیراعظم نے ان کی سرمایہ کاری کی خواہش کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاروں کیلئے ون ونڈو آپریشن شروع کر رہے ہیں۔