واشنگٹن/نئی دہلی(این این آئی)امریکا میں بھارتی سفارت کار کو مقبوضہ کشمیر میں اسرائیلی طرز پر ہندوؤں کی آبادکاری کی تجویز دینا مہنگا پڑگیا، بھارت سمیت دنیا بھر کے ذرائع ابلاغ کی جانب سے ان پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے۔
جس میں نیو یارک میں بھارتی قونصل جنرل سندیپ چکرورتی ایک تقریب میں کہتے نظر آرہے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں بھی بھارت کو اسرائیل کی طرز کا منصوبہ بناتے ہوئے وہاں زیادہ سے زیادہ ہندوؤں کو آباد کرنا ہوگا۔بھارتی قونصل جنرل کے مطابق جب مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی یہ کرسکتے ہیں تو ہم مقبوضہ کشمیر میں ایسا کیوں نہیں کرسکتے۔سندیپ چکرورتی کے اس بیان کے بعد بھارت سمیت دنیا بھر میں انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔بھارتی سفارت کا رکے بیان پرکشمیری پنڈتوں کی تنظیم کے سربراہ سنجے ٹکو کا کہنا تھا کہ اسرائیل طرز پرمقبوضہ کشمیر میں آباد کاری کی بات مضحکہ خیز ہے اور یہ لوگ سمجھتے ہیں کہ آرٹیکل 370 کے نفاذ کے بعد یہ جو چاہیں یہاں کرسکتے ہیں لیکن ہم انہیں اس کی اجازت نہیں دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارتی سفارت کا یہ بیان کشمیر کی مسلم آباد ی کے درمیان رہنے والے ہزاروں ہندوؤں کو خطرے میں ڈال دے گا۔دہلی میں مقیم ایک اور کشمیری پنڈت کا کہناتھا کہ یہ بیان ہمارے سیکولر آئین کے خلاف ہے اورہمارا کشمیر ایسے تجربات کے لیے نہیں ہے۔شرپسند عناصر ہمیں فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔