واشنگٹن(این این آئی)امریکا کے کئی شہروں میں قطب شمالی سے چلنے والی برفیلی ہواوں سے درجہ حرارت انتہائی کم ہوکر ریکارڈ سطح پر پہنچ گیاہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق شدید سردی کا آغاز سائبیریا سے چلنے والی برفیلی ہواوں سے ہوا جس سے امریکا کے کئی شہروں میں شدید برف باری ہوئی جہاں کنساس اور الینوئے میں روزانہ ریکارڈ برف باری دیکھنے میں آرہی ہے۔خراب موسم کے باعث اب تک 4 افراد جان سے جاچکے ہیں اور ایک ہزار سے زائد پروازیں بھی منسوخ ہوچکی ہیں۔ امریکا کے کئی شہروں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں
انتہائی کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جہاں ریاست کنساس کی گارڈن سٹی میں درجہ حرارت منفی 17 ڈگری تک گر گیا جبکہ شکاگو میں 1986 کے بعد درجہ حرارت منفی 13 سے بھی نیچے گر گیا اور شہر میں ریکارڈ برفباری بھی ہوئی۔شدید سرد موسم کی وجہ سے اسکولز اور کاروباری مراکز بند رہے جبکہ سرد موسم نے سڑکوں کو بھی متاثر کیا جس کی وجہ سے سڑک پر پھلسن کے باعث ٹرک بے قابو ہوگیا اور حادثے میں 8 سالہ بچی ہلاک ہوگئی۔امریکی محکمہ موسمیات کا کہناتھاکہ رواں ہفتے ہونے والے شدید برف باری سے کئی ریکارڈ ٹوٹ سکتے ہیں۔