لندن (این این آئی) برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن نے بھی پاکستانی جیولری کا انتخاب کیا ہے۔شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے لندن میں پرنس کریم آغا خان سے ملاقات کی جس میں شہزادی کے دلکش انداز نے سب کی توجہ اپنی طرف کھینچ لی۔اس موقع پر شہزادی کیٹ نے ہرے رنگ کے جوڑے کے ساتھ پاکستانی برانڈ ’زین‘ کی خوبصورت جیولری کا انتخاب کیا اس حوالے سے زین نے انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کی کہ برطانوی شاہی شہزادی کا اپنی جیولری کے لیے پاکستانی برانڈ کا انتخاب کرنا اعزاز کی بات ہے۔پوسٹ میں شہزادی
کیٹ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ انہوں نے ’زین‘ کی عید کلیکشن 2019 میں سے جیولری پسند کی ہے۔یاد رہے کہ برطانوی شاہی محل کی جانب سے گزشتہ ماہ اعلان کیا گیا تھا کہ شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن 14 سے 18 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔ شہزادہ ولیم، شہزادہ چارلس اور لیڈی ڈیانا کے بڑے بیٹے ہیں اور انہیں پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے دورے کی دعوت دی گئی ہے۔برطانوی شاہی خاندان کے کسی فرد کا 13 سال بعد یہ پہلا دورہ ہے، شہزادہ چارلس اور ڈچز آف کارنوال 2006 میں پاکستان آچکے ہیں۔