کولمبو( آن لائن ) سری لنکا پولیس نے کہا ہے کہ ایسٹر کے موقع پر ہونے والے بم دھماکوں میں ایک خاتون سمیت 9 خود کش حملہ آور ملوث تھے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں سری لنکن پولیس کے سربراہ اور ڈپٹی وزیر دفاع روان وجے وردنے نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔سری لنکن پولیس چیف نے بتایا کہ ایسٹرکے موقع پردھماکوں کے الزام میں 60افراد گرفتارکئے جاچکے ہیں ۔
جن میں سے ایک شام کا شہری بھی ہے، تحقیقات کے مطابق دھماکوں میں 9 خودکش حملہ آورملوث تھے جن میں سے 8 کی شناخت کی جاچکی ہے۔ڈپٹی وزیردفاع نے بتایا کہ دھماکوں میں ملوث مقامی گروہ کے لیڈر نے شنگریلا ہوٹل میں خودکشی کرلی اور ایک بمبار نے برطانیہ اور آسٹریلیا سے تعلیم حاصل کی تھی۔اتوار کو مسیحی تہوار ایسٹر کے موقع پر سری لنکا کے گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں 8 بم دھماکے ہوئے تھے جن میں 359 افراد ہلاک اور 500 زخمی ہوگئے تھے۔