اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سری لنکا کے شہر کولمبو میں مزید 2 دھماکے، 8 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات، مجموعی طور دھماکوں کی تعداد 8 ہو گئی ۔ وزیر داخلہ نے شہر میں کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
واضح رہے اس سے پہلے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں ایسٹر کے موقع پر یکے بعد دیگرے چھ دھماکے ہوئے تھے، جس کے نتیجے میں 160 افراد ہلاک جبکہ تین سو سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق دھماکے کولمبو اور اس کے گردونواح میں ہوئے، ان دھماکوں میں تین گرجا گھروں سمیت دو معروف ہوٹلوں کو نشانہ بنایا گیا ، دھماکے کوچیکاڈے، سینٹ سیبسٹن اور بیٹیکولا چرچ میں اس وقت کئے گئے جب لوگ مذہبی عبادت میں مصروف تھے۔کولمبو میں ہی شانگری ہوٹل، سینیمین گرانڈ اور کنگسبری ہوٹل میں بھی دھماکے ہوئے،دھماکوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 160ہوگئی ہے جبکہ تین سو سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں بیشتر کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔دھماکے کے بعد سری لنکا بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے جبکہ پولیس نے عوام سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی ہے۔دوسری جانب پاکستان نے ایسٹر کے موقع پر سری لنکا میں ہونے والے بم دھماکوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرفیصل نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان سری لنکا کے گرجاگھروں اور ہوٹلوں میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، دہشتگردی کیخلاف غم کی اس گھڑی میں سری لنکا کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔