انقرہ/واشنگٹن (این این آئی)امریکا نے خبردار کیا ہے کہ کہ اگر ترکی نے روسی ساختہ ایس400میزائل سسٹم کی خریداری کی ڈیل کو پایہ تکمیل تک پہنچایا تو وہ ترکی پر پابندیاں عائد کر دے گا۔ادھر ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اولو نے روس کے ساتھ ڈیل روکنے کے لیے امریکی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے دوٹوک انداز میں کہا ہے کہ ترکی اپنے دفاع کے لیے روسی ساختہ ایس 400 میزائل سسٹم کی خریداری پر
اب بھی کاربند ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترکی کو پیٹریاٹ دفاعی میزائل سسٹم کی فروخت سے انکار کے کئی برس بعد امریکی وزارت خارجہ نے کانگریس کو آگاہ کیا کہ اس نے اس اقدام کی تجویز پیش کی تھی۔ اس کاوش کا مقصد انقرہ کو مجبور کرنا تھا کہ وہ روس کے ساتھ ایس 400 میزائل سسٹم کی خریداری کے سمجھوتے سے پیچھے ہٹ جائے۔ اس لیے کہ یہ ڈیل نیٹو کے زیر استعمال ٹکنالوجی کے رازوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔ترک وزیرخارجہ نے کہاکہ روس کے ساتھ ڈیل کے جواب میں امریکی سینیٹ میں ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز اس بات کی کوششیں کر رہے ہیں کہ لوک ہیڈ مارٹن کمپنی کے تیار کردہ (ایف 35) لڑاکا طیاروں کی ترکی کو فروخت روک دی جائے۔ ترک وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ یہ کوشش بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہاکہ ساری دنیا کو دیکھ لینا چاہیے کہ ڈکٹیشن اور اپنی مرضی مسلط کرنے کا اسلوب دم توڑ چکا ہے۔ترک وزیر کا کہنا تھا کہ ہم روس کے ساتھ معاہدے پر کاربند ہیں۔ ہم یہ میزائل سسٹم کسی تیسرے ملک کو فروخت کرنے کے واسطے نہیں خرید رہے۔ یقیناًہم اپنی خاص ضرورت پوری کرنے کے لیے اسے خرید رہے ہیں۔