واشنگٹن( آن لائن ) امریکی دفاعی ادارے پینٹاگون نے بھارت کے سیٹلائٹ شکن میزائل تجربے کی جاسوسی کیلئے ڈرون طیارہ بھیجنے بارے رپورٹوں کی سختی سے تردید کردی ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل ڈیوڈ ڈبلیو الیسٹبرن نے صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کا کوئی اثاثہ بھارت کی جاسوسی نہیں کررہا بلکہ درحقیقت امریکہ بھارت کے ساتھ اپنی پائیدار پارٹنر شپ کو
مسلسل توسیع دے رہا ہے جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات بھی مضبوط ہوتے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر ملک اپنے دوستوں اور دشمنوں کی نگرانی کرتا ہے انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں جبکہ پوری دنیا اپنے دوست اور دشمن ممالک کی سرگرمیوں کی نگرانی کرتی ہے تو یہ حیران کن ہوگا کہ امریکہ بھارتی تنصیب کی سرگرمیوں سے آگاہ نہ ہو تاہم انہوں نے کہا یہ کہنا کہ بھارتی سیٹلائٹ شکن نظام کیلئے ڈرون بھیجا بالکل بے بنیاد ہوگا ۔