کابل(این این آئی)افغانستان میں سترہ برس سے جاری جنگ کے خاتمے کے لئے امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکرات میں دلچسپ بات یہ سامنے آئی ہے کہ طالبان کی جانب سے مقرر کئے گئے مذاکرات کاروں کی نمائندگی کرنے والے پانچ طالبان رہنما ء ایسے ہیں جو گوانتا ناموبے میں امریکی قیدی رہ چکے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق مذاکرات کرنے والے ان پانچ طالبان میں ملا خیر اللہ خیرخواہ،
عبدالحق واثق، ملا فضل مظلوم،ملا نور اللہ نوری اور محمد نبی عمری شامل ہیں۔امریکی قیدی رہنے والے طالبان ملا خیر اللہ خیرخواہ کا کہنا تھا کہ گونتا ناموبے جیل میں قید کے دوران ہمیں محسوس ہوتا تھا کہ ہمیں یہاں لاکر نا انصافی کی گئی ہے اور ہم یہاں سے آزاد ہو جائیں گے۔لیکن میں نے کبھی یہ نہیں سوچا تھا ایک روز ہم ایک ہی میز پر آمنے سامنے بیٹھ کر بات چیت کر رہے ہوں گے۔