واشنگٹن(این این آئی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک کو اپنی خام تیل کی پیداوار بڑھا دینے کا مشورہ دیا ہے۔ غیرملکی خبررسان ادارے کے مطابق انہوں نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ عالمی منڈیوں کی موجودہ صورت حال کمزور ہے اور خام تیل کی قیمت میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ یوں ٹرمپ نے
بظاہر خام تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں میں کمی کی وکالت کی ہے۔ دوسری جانب بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں میں خام تیل کی فی بیرل قیمت میں کمی کا رجحان غالب رہا۔ یہ کمی ایک امریکی ڈالر سے بھی زیادہ رہی۔ ماہرین کے مطابق گزشتہ ہفتوں کے دوران خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ ایران کے خلاف امریکی پابندیاں اور وینزویلا کا سیاسی بحران رہے۔