کرائسٹ چرچ (آن لائن) کرائسٹ چرچ میں مسجد میں فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق افراد کے ورثاء اور زخمیوں کی مدد کے لیے اب تک43 لاکھ امریکی ڈالر جمع کرلیے گئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ کونسل آف وکٹم سپورٹ گروپوں کے آفیشل پیج کے ذریعے اب تک 28 لاکھ ڈالر جمع ہوئے جبکہ دیگر فنڈنگ پیجز کے ذریعے 15 لاکھ ڈالر جمع ہوئے۔عطیات جمع کرنے والوں کا کہنا تھا کہ متاثرین مدد اور تعاون کے مستحق ہیں۔
کوئی بھی رقم ان کے پیاروں کو واپس نہیں لاسکتی لیکن کسی نہ کسی طرح ان کی مشکلات کو کم کرسکتی ہے۔دریں اثنا کرائسٹ چرچ حملے کے بعد نیوزی لینڈ میں مساجد کھول دی گئیں۔خبر رساں ادارے کی رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ میں واقعے کے بعد مساجد دوبارہ کھول دی گئی ہیں اس سے قبل پولیس کی جانب سے لوگوں کو مساجد نہ جانے کی ہدایت کی تھی، حکام کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں تمام مساجد پر پولیس موجود رہے گی۔