برلن(این این آئی)جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے شدت پسند تنظیم داعش کو شکست سے دوچار کرنے سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ مسترد کر دیا ہے اورکہاہے کہ داعشی جنگجوؤں کو شام اور عراق میں منتشر ضرور کیا گیا ہے مگر تنظیم کو شکست نہیں دی جا سکی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے ان خیالات کا اظہار برلن میں بیرون ملک انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹر کے
افتتاح کے موقع پر خطاب میں کیا۔ جرمن چانسلر کا کہنا تھا کہ شام سے علاقے کھو دینے کے بعد داعش ایک غیر منظم جنگجو تنظیم میں تبدیل ہوچکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے سے انہیں اتفاق نہیں جس میں وہ یہ کہہ رہے ہیں کہ داعش کو شکست دے دی گئی۔انہوں نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ شام میں داعش کو زیادہ علاقوں سے بے دخل کردیا گیا ہے مگر یہ امر باعث افسوس ہے کہ داعش اب ایک غیر منظم تنظیم ہے جو اب بھی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔جرمن چانسلر نے شام قیام امن کے حوالے سے کہا کہ شام میں دیر پا امن کے قیام کا سفر ابھی لمبا ہے اور امن کی منزل اتنی جلدی نہیں آئے گی۔