واشنگٹن(آئی این پی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کی معیشت کو تباہ کرنے کے بیان سے یوٹرن لیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی ترقی کے وسیع مواقع ہیں،ترک صدر سے شام میں امریکی فوجی انخلا پر بھی گفتگو کی اور انہیں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران داعش کے خلاف جنگ میں اپنی تازہ ترین کامیابیوں سے آگاہ کیا، شام میں ترکی کے سکیورٹی خدشات سے آگاہ ہیں۔
اور اس کی مدد کرنا چاہتے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز امریکی صدر ٹرمپ نے ترکی کے خلاف انتہائی سخت بیان جاری کرتے ہوئے ٹوئٹ کی تھی کہ شام سے امریکی فوج کا انخلا شروع ہو گیا ہے اور اگر ترکی نے شام میں کردوں کو نشانہ بنایا تو امریکا ترکی کو اقتصادی طور پر تباہ کر دے گا۔ تاہم آج حیران کن طور پر انہوں نے پینترا بدلتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں۔صدر ٹرمپ نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ میری ترک ہم منصب طیب اردگان سے فون پر بات چیت ہوئی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی ترقی کے فروغ کے وسیع تر مواقع موجود ہیں۔امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے ترک صدر سے شام میں امریکی فوجی انخلا پر بھی گفتگو کی اور انہیں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران داعش کے خلاف جنگ میں اپنی تازہ ترین کامیابیوں سے آگاہ کیا جب کہ بیس میل طویل ایک سیف زون بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ شام میں ترکی کے سکیورٹی خدشات سے آگاہ ہیں اور اس کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔