واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شام میں داعش کو شکست دینے کا دعویٰ، فوجوں کی واپسی کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام میں داعش کو شکست دینے کا دعویٰ کرتے ہوئے امریکی افواج کے انخلا کا اعلان کر دیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں اعلان کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ داعش کے خلاف شام میں ہم جنگ جیت چکے اور ہم نے انہیں بری طرح مارا،
وقت آگیا ہے کہ شام سے امریکی افواج کو واپس بلایا جائے۔امریکی صدر نے کہا کہ شام میں موجود فوجی مرد و خواتین اہلکار واپس آرہے ہیں اور ہم اپنے عظیم ہیرو کی واپسی کی تیاری کررہے ہیں، جلد وہ ہمارے ساتھ ہوں گے۔ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ اپنے ملک کے لیے لڑتے ہوئے جان کی قربانی دینے والوں نے آئی ایس آئی ایس کے خلاف جنگ لڑی جو دنیا کے لیے خطرہ تھے، ہمارے عظیم ہیرو دنیا کے بھی ہیرو ہیں کیوں کہ وہ ہمارے لیے لڑے۔