واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک)امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے الزام عائد کیا ہے کہ چین امریکہ کے مستقبل قریب میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں دخل اندازی کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انھوں نے کہا کہ یہ بات عالمی رہنماؤں کے سامنے نیویارک میں اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران کہی۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ مجھے جیتنے نہیں دینا چاہتے۔
کیونکہ میں پہلا امریکی صدر ہوں جس نے کاروباری مسئلے پر انہیں چیلنج کیا ہے۔تاہم ٹرمپ نے اپنے الزامات کو ثابت کرنے کے لیے کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا۔ایٹمی، کیمیائی اور حیاتیاتی ہتھیاروں کو روکنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کا اجلاس منعقد کیا گیا تھا، لیکن اس موقع پر ٹرمپ نے چین کو نشانہ بنایا۔انھوں نے کہاکہ افسوس ناک بات ہے کہ ہمیں علم ہوا ہے کہ چین نومبر میں ہمارے آنے والے انتخابات میں میری انتظامیہ کے خلاف مداخلت کی کوشش کر رہا ہے۔`ٹرمپ نے کہاکہ وہ نہیں چاہتے کہ میں جیتوں کیونکہ میں پہلا صدر ہوں جس نے تجارت کے معاملات پر چین کو چیلنج کیا ہے، ہم تجارت میں بھی جیت رہے ہیں اور ہم ہر سطح پر ان سے جیت رہے ہیں۔ہم نہیں چاہتے کہ وہ ہمارے آئندہ انتخابات میں مداخلت کریں۔ادھرچینی وزیر خارجہ نے ٹرمپ کے دعوے کو بے بنیاد الزام قرار دے کر مسترد کردیا، امریکہ میں وسطی مدتی انتخابات 6 نومبر کو ہونے ہیں۔ٹرمپ کے الزامات کے جواب میں چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے سلامتی کونسل کو بتایا کہ چین دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا۔انہوں نے کہاکہ چین نے ہمیشہ دیگر ممالک کے داخلی معاملات میں مداخلت نہ کرنے کے اصول پر عمل کیا ہے، یہ چینی خارجہ پالیسی کی روایت ہے۔یی نے کہاکہ ہم نے دوسرے ممالک کے داخلی معاملات میں مداخلت نہیں کی ہے اور نہ ہی ہم ایسا کریں گے، ہم چین پر غیر منصفانہ الزامات قبول نہیں کر سکتے ۔