واشنگٹن(این این آئی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دو امریکی بچوں کو دریا میں ڈوبنے سے بچاتے ہوئے خود پانی میں ڈوب جانے والے دو سعودی طلباء کے والدین سے افسوس کا اظہار کیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق امریکی صدر کی طرف سے دو امریکی لڑکوں کو ڈوبنے بچاتے ہوئے خود دریا کی لہروں کی نذر ہونے والے سعودی طلباء طلباء ذیب بن مانع الیامی اور جاسر بن دھام الیامی کے اہل خانہ کو برقی پیغامات میں تعزیت کی ہے۔ برقی تعزیتی پیغامات میں دونوں خاندانوں سے کہا گیا ہے کہ امریکی حکومت کو دونوں
نوجوانوں کی المناک موت پر گہرا دکھ ہے۔ انہوں نے اپنی جانوں پر کھیل کر ریاست ماسی چیوسٹس میں دریا میں ڈوبتے دو بچوں کو بچا کر امریکی قوم پر بہت بڑا احسان کیا ہے۔ امریکی اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے ان سعودی طلباء کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔خیال رہے کہ چند ہفتے قبل امریکی ریاست ماسی چیوسٹس میں ایک دریا میں نہاتے ہوئے دو امریکی لڑکے ڈوبنے لگے تو وہاں پرموجود دو سعودی طلباء نے اپنی جانوں پر کھیل کر امریکی لڑکوں کو بچا لیا مگر وہ خود دریا کی بے رحم موجوں کی نذر ہوگئے تھے۔