واشنگٹن(این این آئی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کے ساتھ 12 جون کو سنگاپور میں ہونے والی ملاقات اب بھی طے ہے اور امریکی انتظامیہ اس کی تفصیلات پر کام کر رہی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات انھوں نے ہفتہ کی شام اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو میں کہی۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں لوگ یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ اگر ہماری ملاقات ہوتی ہے اور ہم اس میں سے کچھ اخذ کرتے ہیں۔ ہم نے یہ
حاصل کر لیا ہے اور ہم جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں، یہ جنوبی کوریا کے لیے بہت زبردست ہوگا، یہ جاپان کے لیے زبردست ہو گا اور یہ دنیا کے لیے بھی بہت اچھا ہوگا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ امریکہ اور چین کے لیے بھی بہت اچھا ہے اور بہت سے لوگ اس پر کام کر رہے ہیں۔ ادھر وائٹ ہاوس کی ترجمان سارہ سینڈر نے ایک بیان میں کہا کہ جلد ہی وائٹ ہاوس کی ٹیم ملاقات کی تیاری کے لیے سنگاپور جائے گی۔